دی ہیگ (نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ ن اوورسیز ہالینڈ کا تنظیمی اجلاس ہوا جس میں تنظیمی کارکردگی اور پاکستان کی صورتحال پرگفتگو کی گئی، اجلاس میں صدر چوہدری پرویز علی سندھیلہ، سینئر نائب صدر جاوید بٹ پیارا، محمد یونس بٹ، محمد خورشید مغل، سیکرٹری جنرل چوہدری فیصل منظور، سیکرٹری اطلاعات محمد جاوید اقبال کھوکھر، حاجی عبدالقیوم، چوہدری طارق جاوید، آفتاب نوخیز سندھیلہ، محمد عظیم، محمد محسن وارثی، محمد شاہد مقصود نے شرکت کی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے صدر چوہدری پرویز علی سندھیلہ نے کہا ملک کو عمران خان کے پیدا کردہ بحرانوں سے نکالنے کیلئے ترازو کا پلڑا برابر کرنا ضروری ہے۔ ساس، بہو، بچوں اور دوستوں کی بیویوں کی ڈکٹیشن پر فیصلے ملک کو اندھیروں میں دھکیل رہے ہیں، پوری قوم اس سلیکٹو انصاف کے خلاف یک زبان ہے۔ سینئر نائب صدر جاوید بٹ پیارا نے کہا اسحاق ڈار کی کارکردگی نے عمران خان کے دعوؤں سے ہوا نکال دی ہے، پی ٹی آئی چند ماہ پہلے پاکستان کو دیوالیہ کرا بیٹھی تھی لیکن اسحاق ڈار نے آئی ایم ایف پروگرام کے بغیر ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ جنرل سیکرٹری چوہدری فیصل منظور نے کہا شہباز شریف کی کارکردگی اس وقت بول رہی ہے، رمضان شریف میں آٹا اسکیم سے غریبوں کے دکھ بانٹے گئے، ہمارا یقین ہے کہ شہباز شریف ہر طرح کے حالات میں ملک کو اندھیروں سے نکالیں گے۔ سیکرٹری اطلاعات محمد جاوید اقبال کھوکھر نے کہا کہ مریم نواز اس وقت جہاد کر رہی ہیں، وہ اس سے پہلے بھی اسٹیبلشمنٹ کے خلاف مزاحمت میں کامیاب ہوئی، اس بار بھی وہ تمام عمرانی سہولت کاروں کا خاتمہ کرکے رہیں گی۔