گوا (خالدمحمودخالد) شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کے لئے بھارت کے خوبصورت تفریحی اور ساحلی شہر گوا میں پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری جب خصوصی طیارے سے باہر آئے تو بھارتی وزارت خارجہ کے جوائنٹ سیکرٹری برائے پاکستان، افغانستان اور ایران ( پائی) جے پی سنگھ اور بھارت میں پاکستان کے ناظم الامور سلمان شریف نے ان کا استقبال کیا۔
ہائی کمیشن میں پریس سیکرٹری جمیل بیتو بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔ جے پی سنگھ جو 2014 سے 2019میں پاکستان اور بھارت کے درمیان انتہائی مشکل دور میں اسلام آباد میں بطور ڈپٹی ہائی کمشنر اپنے فرائض سرانجام دے چکے ہیں، انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ انتہائی گرم جوشی کا مظاہرہ کیا۔
جے پی سنگھ نے انتہائی خوشگوار ماحول میں بلاول بھٹو زرداری کو اپنے اسلام آباد میں قیام کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔
بلاول بھٹو بڑے انہماک کے ساتھ جے پی سنگھ کی پاکستان میں قیام کی یادوں کو سنتے رہے۔