اسلام آباد (نمائندہ جنگ)بلاول کا دورہ بھارت پرPTI رہنمائوں کے متضادات بیانات سامنے آئے ہیں،فواد، شیریں مزاری، فرخ حبیب نے کہا کہ ویڈیو لنک پرشریک ہوسکتے تھے،شاہ محمود نے کہا کہ بلاول کے بھارت جانے میں کوئی حرج نہیں،پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنمائوں نے بلاول بھٹو زرداری کے دورہ گوا کی شدید مذمت کی ہے۔ تحریک انصاف کے مرکزی سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے وزیر خارجہ کی گوا دورے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو ویڈیو لنک پر اجلاس میں شرکت کرسکتے تھے۔ مودی کی محبت میں ان حکمرانوں کیلئے کشمیریوں پر مظالم اور مسلمانوں اور اقلیتوں کے ساتھ ظلم کی کوئی اہمیت نہیں۔ اس دورے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ مودی جنتا کو خوش کرنے کیلئے یہ حکمران ہر حد پار کرنے کو تیار ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بلاول کے ہمراہ درجنوں صحافی گوا بھیجے گئے ہیں جو بلاول بھٹو کے دورے کی سرکاری کوریج کے ساتھ ان کے سیاسی معاون کے طور پر بھی خدمات انجام دیں گے۔ پی ٹی آئی کی مرکزی سینئر نائب صدر ڈاکٹر شیریں مزاری نے بھی بلاول بھٹو کے دورہ گوا کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ میں نے پہلے بھی اشارہ کیا تھا امپورٹڈ وزیر خارجہ باجوہ کو خوش کرنے کے باجوہ پلان کے ساتھ اسرائیل، انڈیا اورامریکہ سے اپنی وفاداری ظاہر کرنے کے لئے گوا جانے کے لئے بے چین ہے۔ وزیر خارجہ نے ایک بار پھر افغانستان اجلاس میں شرکت نہیں کی۔