• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ چارلس سوم کو شاہی تاج آج پہنایا جائے گا، تقریب میں شہباز شریف بھی شریک ہونگے

لندن (سعید نیازی) شاہ چارلس سوم کو شاہی تاج آج پہنایاجائے گا،تقریب میں شہبازشریف بھی شریک ہونگے ۔12بجے بشپ آف کینٹربری بادشاہ کو تاریخی سینٹ ایڈورڈ تاج پہنائیں گے،ملک بھرمیں بگل بجیں گے، توپوں کی سلامی ہوگی ۔بادشاہ خاندان کے ہمراہ بیکنگھم پیلس کی بالکونی میں آئیں گے، ریڈ ایروز اور برطانوی فوجی طیارے سلامی دیتے ہوئے گزریں گے۔ تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم کو آج ہفتہ کے روزویسٹ منسٹر ایبی میں منعقد ہونے والی تاجپوشی کی پروقار تقریب میں باقاعدہ طور پرشاہی تاج پہنا دیا جائے گا۔ اس حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ بادشاہ چارلس کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے لاکھوں افراد سینٹرل لندن کا رخ کرینگے۔ اس موقع پرشہر میں امن و امان قائم رکھنےکیلئے آپریشن گولڈن اورب کے تحت 29 ہزار سے زائد پولیس افسران ڈیوٹی پر ہونگے۔ڈپٹی اسسٹنٹ کمشنر ایڈی ایڈلیکن نے متنبہ کیا ہے کہ تقریب میںخلل ڈالنے والوں سے فوری اورسختی کے ساتھ نمٹا جائے گا ، اور پولیس اس موقع پر چہرے کوشناخت کرنے والی ٹیکنالوجی کو استعمال کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ پروگرام کے مطابق شاہی سواری کے روٹ والا راستہ صبح چھ بجے عوام کیلئے کھول دیا جائے گا۔ 10 بجکر 20 منٹ پر بادشاہ چارلس ویسٹ منسٹر جانے کیلئے روانہ ہونگے۔ 11 بجےسے کچھ دیر پہلے وہ ویسٹ منسٹر ایبی پہنچیں گے جہاں دو ہزار مہمان ان کے منتظر ہونگے جن میں پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سمیت مختلف ممالک کے سربراہان مملکت، شاہی خاندان کے افراد اور دیگراہم شخصیات شامل ہونگی۔ 11 بجے تقریب تاجپوشی کا آغاز ہوگا جو دو گھنٹے جاری رہے گی جس کے دوران مختلف سروسز منعقدہونگی۔ تقریباً 12 بجے آرچ بشپ آف کینٹربری جسٹس ویلبی، بادشاہ چارلس کو تاریخی سینٹ ایڈورڈ تاج پہنائیں گے۔ جس کے بعدملک بھرمیںبگل بجیںگے اور توپوں کی سلامی دی جائے گی۔ ایک بجے بادشاہ اور ملکہ 260 سال پرانی گولڈن سٹیٹ کوچ میںواپس بکنگھم پیلس کی طرف روانہ ہونگے۔ ڈھائی بجے بادشاہ خاندان کے دیگر افراد کے ہمراہ محل کی بالکونی میں آئیں گے، جہاں ریڈ ایروز اور برطانوی افواج کے دیگر طیارے انہیں سلامی دیتےہوئےگزریں گے۔

یورپ سے سے مزید