کراچی(اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ نے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا دیا ہے،تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے امریکا میں پاکستان کے سفیر اور سابق صدر آزاد کشمیر مسعود خان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ۔ ملاقات میں پاک امریکہ دوطرفہ تعلقات،باہمی ہم آہنگی کے فروغ ، باہمی تعلقات میں سفارت کاری کی اہمیت اور پاکستان کے مفادات کے تحفظ پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و تشددپر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارت کے زیر تسلط مقبوضہ کشمیر کے لئے امریکہ میں بھی بھرپور آواز اٹھانے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔ گورنرسندھ نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا دیا ہے،کشمیری بھائیوں کی اخلاق،سیاسی مدد جاری رکھیں گے۔گورنرسندھ نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے ہمیشہ مشکل حالات میں بھرپور مدد کی جبکہ امریکی سرمایہ کار بھی وقتاً فوقتاً اپنی سرمایہ کاری کے ذریعہ غربت ، بے روزگاری اور خوشحالی میں معاون ثابت ہورہے ہیں اس ضمن میں امریکی سرمایہ کار کراچی آئے تھے جنھوں نے شہر کے مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری پر اپنی خواہش کا اظہار کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کے تعاون سے صوبہ میں ترقیاتی منصوبے جاری ہیں،عوامی مسائل کے حل کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔