لندن (آئی این پی)وزیراعظم شہباز شریف نے لندن میں شاہ چارلس کی تقریب تاج پوشی میں شریک کئی عالمی رہنماوں سے ملاقاتیں کیں۔ وزیراعظم نے سری لنکن صدر نیل وکرما سنگھے، مالدیپ کے صدر ابراہیم محمد صالح، زیمبیا، ماریشس، مالٹا اوربرازیل کے صدور سے بھی ملاقاتیں کیں۔ شہباز شریف نے دولت مشترکہ تنظیم کی سیکرٹری جنرل پیٹریشیا، اسکاٹ لینڈ اوربرطانوی وزیراینڈریومچل سے بھی ملاقاتیں کیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے حکومت اور پاکستانی عوام کی جانب سے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے بادشاہ کو نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔اس سے قبل جمعہ کو وزیر اعظم نے لندن میں دولت مشترکہ سیکرٹریٹ میں دولت مشترکہ کے رہنماؤں کے ایک اجتماع میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ نئے بادشاہ، جو دولت مشترکہ کے سربراہ بھی ہیں، کے تختِ برطانیہ پر بیٹھنے سے اس کثیرالجہتی فورم کے لیے نئے مواقع اور نئی راہیں کھلی ہیں اور اس تنظیم کو نئی روح اور نئے مقصد کا احساس ملا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے متعدد عالمی اور دولت مشترکہ کے رہنماؤں سے بات چیت کی جن میں برطانیہ کے وزیر اعظم رشی سنک اور سیکرٹری جنرل دولت مشترکہ پیٹریشیا سکاٹ لینڈ شامل ہیں۔وزیراعظم کل اسکاٹ لینڈ کے فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف سے بھی ملاقات کریں گے۔