• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف سے حمزہ یوسف کی ملاقات، تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق

لندن(جنگ نیوز)پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف سے سکاٹ لینڈ کے فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف نے ملاقات کی ہے۔ وزیراعظم نے حمزہ یوسف کو اہم عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ پاکستانی وزیر اعظم نے کہا کہ حمزہ یوسف کے انتخاب سے سکاٹ لینڈ اور برطانیہ میں برٹش پاکستانی کمیونٹی کا اہم اور مثبت کردار اجاگر ہوا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان تاریخی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا، جس میں تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، آبی وسائل، متبادل توانائی کے شعبوں میں تعاون اور دونوں اطراف کے عوام کے درمیان روابط شامل ہیں۔ دونوں فریقوں نے تعلیم، ہنر اور قابل تجدید ذرائع میں مشترکہ منصوبوں کو فروغ دینے کے لیے باہمی تعاون سے کام کرنے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے سکاٹ لینڈ میں موجود پاکستانی تاجروں کے اہم کردار پر بھی بات ہوئی. ملاقات میں موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون پر بھی اتفاق کیا۔ اس سلسلے میں سکاٹ لینڈ میں سرمایہ کاری کانفرنس منعقد کرنے اور اسکاٹ لینڈ میں پاکستان کی قابل تجدید توانائی کی صلاحیت کو دکھانے کے لیے الگ سے ایک روڈ شو کا اہتمام کرنے کی تجویز بھی زیر غور آئی ۔ وزیر اعظم نے پچھلے سال تباہ کن سیلاب کے دوران فراخدلانا تعاون اور امداد پر اسکاٹش حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے مسٹر یوسف کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔ حمزہ یوسف سکاٹش نیشنل پارٹی کی قیادت کرتے ہیں، اور انہیں مارچ میں سکاٹش پارلیمنٹ نے حکومت کی سربراہی کے لیے منتخب کیا تھا۔ وہ پہلے پاکستانی برطانوی شہری ہیں جنہیں یہ اعزازحاصل ہوا۔

یورپ سے سے مزید