برمنگھم(پ ر) تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب، جنرل سکریٹری حافظ محمد طیب نے تحریک آزادی کشمیر رہنما تحریک حریت جموں وکشمیر کے چیئرمین شہید محمد اشرف صحرائی کی تحریک آزادی کشمیر کے لیے عظیم خدمات اور قربانیوں پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید نے اپنی ساری زندگی کو تحریک آزادی کشمیر کے وقف رکھا، بھارت کے مظالم اور ریاستی دہشت گردی کے خلاف ڈٹے رہےاور اپنی اولاد کو بھی اسی راستے میں قربان کیا، آج کشمیر کا بچہ بچہ اشرف صحرائی بن چکا ہے، کشمیر پربھارت کے غاصبانہ قبضہ کو تسلیم کرنے کے لئے تیار نہیں، نوجوان آزادی کی جدوجہد میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے۔ تحریک کشمیر یورپ کے رہنماؤں نے کہا ہے بھارت مقبوضہ کشمیر G20ممالک کی کانفرنس منعقد کر کے دنیا کو دھوکہ نہیں دے سکتا، مسئلہ کشمیر ایک حقیقت ہے، بھارت انسانی حقوق کی پامالیاں کر رہا ہے کشمیری اپنے حق خودارادیت کے لئے عالمی معاہدوں کی پاسداری کیلئےبار بار دینا کی توجہ مبذول کرا رہے ہیں ،انسانی حقوق اور جمہوریت کے علمبردار ممالک کو سرینگر کانفرنس کا بائیکاٹ کرکے بھارت کو یہ پیغام دینا چاہئے تھاکہ خطے کا امن تجارت اور کاروبار مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل سے وابستہ ہے جب تک مسئلہ حل نہیں ہوتا امن قائم نہیں ہوسکتا اور اس کا ذمہ دار بھارت ہے اور عالمی برادری ہے۔