لاہور(خصوصی نمائندہ)پاکستان مسلم لیگ ن لاہور کے صدر ملک سیف الملوک کھوکھر ،جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر اور ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات عامر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم میاں شہباز کا برطانیہ سمیت دیگر ممالک کے کامیاب دوروں نے فتنہ خان اور ان کی جماعت کے دیگر رہنماؤں کی رات کی نیندیں اڑ ادی ہیں، ملک بھر میں جب بھی انتخابات ہوں گے مسلم لیگ مکمل تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گئی، اور اپنے حریفوں کو شکست سے دوچار کرے گی،مخالفین کی بیماری کا مذاق اڑانے اور انتقام کا نشانہ بنانے والا آج فتنہ خان خود مذاق بن کر رہ گیاہے۔گذشتہ روز کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ قوم کو بیوقوف بنانے کا وقت گزر گیا اب آپ کی اصلیت سب کے سامنے آچکی ہے۔جیل اور گرفتاری عمران خان کے ڈراؤنے خواب بن چکے ہیں ۔عمران خان کے سامنے وہی کچھ آرہا ہے جو اس نے دوسروں کے ساتھ کیا۔جھوٹے پروپیگنڈے کرنے سے کوئی مقبول لیڈر نہیں بن سکتا بلکہ قوم کے مفاد کیلئے قربانی دینے والے اور ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالنے والے ہی لیڈر کہلواتے ہیں ۔