لندن (مرتضیٰ علی شاہ) سکاٹ لینڈ کے پاکستان نژاد فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ملاقات بہت مثبت رہی، میں وزیراعظم شہباز شریف کا مشکور ہوں۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ذاتی طورپر مجھے دورہ پاکستان کی دعوت دی ہے اور میں نے ان سے پاکستان کا دورہ کرنے کا وعدہ کیا ہے، یقیناً جلد پاکستان کا دورہ کروں گا، تاہم اس دورے کی تاریخ کا ابھی تک تعین نہیں کیا گیا ہے۔ حمزہ یوسف سے لندن میں ملاقات کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعاون میں اضافہ کرنے کیلئے تجارت، تعلیم، سرمایہ کاری، دخانی اور شمسی توانائی کی ٹیکنالوجی میں تعاون بڑھانے کیلئےسرمایہ کار کانفرنس بلائی جائے گی۔ وزیراعظم نے کہا تھا کہ حمزہ یوسف پاکستان اور سکاٹ لینڈکے درمیان تعاون بڑھانے پر متفق ہیں۔ حمزہ یوسف نے کہا تھا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مستحکم کرنا نہ صرف ان کی حکومت کا فرض ہے بلکہ وہ بذات خود اس کا عزم کئے ہوئے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ سکاٹ لینڈ آنے والے طلبہ کی تعداد میں 150 فیصد اضافہ ہوچکا ہے جبکہ ہم اس میں مزید اضافہ کرنا چاہتے ہیں۔ سکاٹ لینڈ کا فرسٹ منسٹر منتخب ہونے پر پاکستانیوں کی جانب سے بھیجے گئے مبارکباد کے پیغامات کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ میں ان سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں، مجھے والد کے آبائی گائوں میاں چنوں اور میری والدہ کے آبائی شہر فیصل آباد کے علاوہ پورے ملک سے پیغامات ملے ہیں، میں خود کو سکاٹ کے ساتھ پاکستانی بھی سمجھتا ہوں اور فرسٹ منسٹر کی حیثیت سے پاکستان کے دورے کیلئے اب مزید تاخیر نہیں کرسکتا۔ انھوں نے کہا کہ مجھے اپنے مسلمان ہونے پر فخر ہے۔