بیجنگ (نیوز ڈیسک) چین نے جرمن وزیر خزانہ کا دورہ منسوخ کردیا۔ مبصرین کے مطابق چین اس سے دونوں اقتصادی طاقتوں کے درمیان سفارتی تعلقات کے متعلق ملا جلا پیغام دینا چاہتا ہے۔ بیجنگ حکومت نے جرمنی کے وزیر خزانہ کرسٹیان لنڈر کا دعوت نامہ اچانک منسوخ کرتے ہوئے انہیں بیجنگ آنے سے منع کر دیا۔ اس سے پہلے چین نے وزیر خارجہ کن گینگ کے اچانک دورہ برلن کا اعلان کیا۔ کن گینگ نے اعلان کیا کہ وہ برلن جا رہے ہیں ،جہاں وہ جرمن ہم منصب انالینا بیئربوک سے ملاقات کریں گے۔ بیان میں کہا کہ کن گینگ 5دن کے یورپی دورے کے دوران فرانس اور ناروے بھی جائیں گے۔ واضح رہے کہ جرمن وزیر خزانہ کے دورے کی تیاریاں تقریباً مکمل ہو چکی تھیںتاہم چین نے عین وقت پر لنڈنرکے دورے کو منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا۔ چینی عہدیداروں نے کہا کہ دونوں رہنماوں کے مابین ملاقات میں بعض مسائل تھے جس کی وجہ سے جرمن وزیر خزانہ کا دورہ منسوخ کیا گیا ہے۔ ملاقات میں دونوں وزرائے خزانہ اعلیٰ سطحی مالیاتی مذاکرات کا خاکا تیار کرنے والے تھے۔