• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئین غیر مسلم کے صدر و وزیراعظم پاکستان بننےمیں رکاوٹ، فرحت اللّٰہ بابر

اسلام آباد(وقائع نگار) پاکستان پیپلز پارٹی کےسینئر رہنماء فرحت اللّٰہ بابر نے کہا ایک طرف آئین سب کو برابری کا حق دیتا ہے مگر دوسری طرف یہی آئین غیر مسلم کو پاکستان کا صدر اور وزیراعظم بننے کی راہ میں رکاوٹ ہے، یہ آئین کے ساتھ ایک فراڈ ہے، اقلیتوں کے گھروں اور عبادت گاہوں پر حملے بڑھ گئے ہیں ریاست کا کام ہے کہ وہ اس حوالے سے اپنی ذمہ داری پوری کرے، جبری تبدیلی مذہب اور توہین مذہب کے قوانین پر نظر ثانی کی ضرورت ہے سینٹ کی اس حوالے سے 2018 کی رپورٹ پر عمل درآمد کیا جائے،پاکستان کا قیام بذات خود اقلیتوں کی جدوجہد تھی کیونکہ اس وقت مسلمان برصغیر میں اقلیت میں تھے،صوبائی خود مختاری کی مہم اتار چڑھاؤ کے باوجود آگے بڑھتی رہی اور یہ مطالبہ اٹھارویں ترمیم کےذریعے تسلیم ہو گیا مگربدقسمتی سے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کانعرہ آگے نہ بڑھ سکا، آئین کی ان شقوں میں ترامیم کی ضرورت ہے یہ کام آسان نہیں ہے آپ اپنا نمائندہ خود منتخب نہیں کر سکتے اس لیے آپ کی آواز اوپر تک نہیں جاتی پارلیمان کےذریعے ایک کمیشن بننا تھا جو گزشتہ نو سال سے نہیں بن سکا،انہوں نے ان خیالات کا اظہار مینارٹیز الائنس پاکستان کےزیر اہتمام نیشنل پریس کلب اسلام آبادمیں آئین پاکستان اور مذہیبی اقلیتیں کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر مینارٹیز الائنس پاکستان کے چیئرمین اکمل بھٹی ایڈووکیٹ نے کہاآئین پاکستان میں اقلیتوں کو برابرو یکساں حقوق دینے کیلئے اس میں ترامیم کی جائیں تاکہ اسے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کےعالمی اعلامیےکے مطابق بنایا جاسکے،سیمینار میں آئین مین ترامیم کیلئے تجاویز بھی پیش کی گئیں، سیمینار سے میپ کے وائس چیئرمین شمعون گل، مرکزی راہنماء ندیم بھٹی، تلوندر سنگھ، عبدالحمیدرانا ایڈووکیٹ، سہیل رومی، انوش بھٹی، فیاض بھٹی آصف جان و دیگر نے بھی خطاب کیا۔