پشاور (جنگ نیوز) برینز انسٹیٹیوٹ اور یونیورسٹی آف ہری پور کے مابین گزشتہ روز ایک اہم معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت دونوں ادارے عالمی سطح پر منظور شدہ اور مستند آئی ٹی کورسز کا آغاز کریں گے۔ اس سلسلے میں انسٹیٹیوٹ میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں برینز انسٹیٹیوٹ کے ریکٹر ظفر اللہ خان اور ہری پور یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمن نے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کئے۔معاہدے کے تحت ہری پور یونیورسٹی کو برینز انسٹیٹیوٹ کی جانب سے سسکو انٹر نیشنل ٹریننگ پروگرام کے تحت آئی ٹی کورسز مکمل کرانے میں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا جس سے طلبہ اور نوجوانوں کو کمپیوٹر اور آئی ٹی کے شعبوں میں روزگار اور ترقی کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔ اس معاہدے کے تحت ہری پور یونیورسٹی میں سنٹر فار پروفیشنل ڈیویلپمنٹ بھی قائم کیا جائے گا جہاں طلبہ اور اساتذہ کی اس حوالے سے تمام تر ضروریات کو پورا کیا جائے گا۔