کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیر اعظم شہباز شریف نے پیر کو کوئٹہ کے ایوب اسٹیڈیم میں رنگا رنگ تقریب میں34 ویں قومی گیمز کا باضابطہ افتتاح کیا، اس موقع پر شریک ٹیموں کے کھلاڑیوں نے مارچ پاسٹ کیا، وزیر اعظم کو سلامی دی، فضا میں رنگ برنگے غبارے چھوڑے گئے، کبوتر اڑائے گئے، مختلف کھلاڑیوں کے ہاتھوں سے گذرتی ہوئی مشعل روشن کی گئی جو اختتام تک جاری رہے گی۔ میگا ایونٹ میں پاکستان آرمی نے تمغوں کی دوڑ میں نمبر ون ہے، اس نے پہلے مرحلے میں اپنی میڈلز کی سنچری مکمل کرلی۔ جس میں 22،32،45گولڈ، سلور اور برانز میڈلز شامل ہیں، تمغوں کی دوڑ میں واپڈا دوسری اور نیوی تیسری پوزیشن پر ہے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ کھیلوں کے میدان میں جتنے بھی وسائل دئیے جائیں وہ کم ہیں۔ 19سال بعد کوئٹہ میں ان کھیلوں کا انعقاد خوش آئند ہے ، تاریخی شہرمیں کھیلوں کا انعقاد قومی یکجہتی اورملک سے محبت کا عظیم شاہکارہے، نوجوانوں میں بےپناہ صلاحیتیں ہیں ، آپ پاکستان کانام ستاروں تک لےجاسکتےہیں بشرطیکہ کہ آپ کو مواقع ملیں۔قومی گیمز کے دوسرے مرحلے میں کوئٹہ میں منگل کو چار کھیلوں کے مقابلے ہوں گے۔ پہلے مرحلے میں تائی کواندوکیروگی ایونٹ آرمی کے مرداور خواتین کھلاڑیوں نے 5 گولڈ میڈلز جیت لئے۔ مردوں کے 54 کلوگرام کیروگی ایونٹ کے فائنل میں ایئرفورس کے شاہ زیب نے آرمی کے ابوبکر کو شکست دیکر گولڈ میڈل جیت لیا۔ ایچ ای سی کے حسن نے کانسی کا تمغہ جیتا۔58 کلوگرام مینز ایونٹ میں آرمی کے ہارون خان نے ایئر فورس کے علی حسن کو ہرا دیا ۔ بلوچستان کے نثار احمد نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مردوں کے 87 کلوگرام کیٹیگری فائنل میں آرمی کے حمزہ عمر سعید نے واپڈا کے وقار علی شاہ کو شکست دی ، سندھ کے بادشاہ خان نے تیسری پوزیشن حاصل کی مردوں کی۔ 63 کلوگرام کیٹیگری میں آرمی کے ارباز خان نے ایئرفورس کے فرید احمد کو ہرا کر پہلی پوزیشن حاصل کی، ایچ ای سی کے شیراز تیسری پوزیشن پر رہے خواتین کے کیروگی -46 کلوگرام مقابلے میں آرمی کی عیشا صفدر نے ایچ ای سی کی روینا کو ہراکر پہلی پوزیشن حاصل کی خواتین کی -57 کلوگرام کیٹیگری میں آرمی کی نور رحمان نے پنجاب کی کنزا کو شکست دیکر گولڈ میڈل جیت لیا، واپڈا کی یمنیٰنے کانسی کا تمغہ جیتا۔سیلنگ میں پاکستان نیوی نے ایک اور گولڈ میڈل جیت لیا۔