کراچی( اسٹاف رپورٹر) پاکستان کر کٹ بورڈ نے ایشیا کپ کر کٹ ٹورنامنٹ کے نیوٹرل وینیو کے حوالے سے اپنی مرضی استعمال کرنے اور اس حوالے سے کسی دباؤ میں نہ آنے کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان گیٹ منی کے سلسلے میں دبئی کو نیوٹرل مقام رکھنا چاہتا ہے جبکہ بھارت کا کہنا ہے کہ وہ کولمبو میں میچ کھیلنے کے لئے تیار ہوگا۔ بھارتی میڈیا کا دعوی ہے کہ ایشیا کپ کے سلسلے میں ہائبرڈ ماڈل کے عوض بھارت نے پاکستان سے بڑی ڈیمانڈ کردی۔ مگر اپنی جانب سے کسی بھی قسم کی گارنٹی دینے سے انکار کردیا ہے۔ کڑی شرط بھی رکھی ہے کہ اگر بھارت ایشیا کپ کے فائنل میں نہ بھی پہنچا تو فائنل پھر بھی نیوٹرل وینیو پر ہوگا۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ گیٹ منی میں نقصان کے ازالے کے لئے آئی سی سی سے رابطہ کیا جائے گا، بھارت کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ میں شرکت کی صورت میں پاکستان کو ورلڈ کپ کے میچز بھارت میں کھیلنا ہوں گے، پاکستان کر کٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کے لئے بھارت جانے کا فیصلہ حکومت کرے گی۔ پی سی بی اس بارے میں کوئی فیصلہ لینے کی پوزیشن میں نہیں ہے ، یہ حکومتی سطح کا مسئلہ ہے۔