کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی کرکٹرز کے بعد بھارت کی نفرت ہاکی تک پہنچ گئی، پاکستانی نژاد انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے صدر طیب اکرام کے دورے پر اعتراض ہونے لگا۔ ہاکی انڈیا اور ایف آئی ایچ کے سابق صدر نریندر بٹرا نے سوشل میڈیا پر زہراگلتے ہوئے ان پر پاکستان کے حساس اداروں سے تعلقات کا بھی الزام لگا دیا۔ بٹرا نے لکھا کہ لاہور میں پیدا ہونے والے طیب اکرام بار بار بھارت کا دورہ کیوں کر رہے ہیں، کون بار بار بھارت آنے کی دعوت دے رہا ہے، فنڈنگ کون کر رہا ہے اور وہ کس حیثیت سے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ دیکھنے آ رہے ہیں؟ نریندر بٹرا کو طیب اکرام کے چلی میں خواتین ورلڈ کپ کے بجائے بھارت کے ڈومیسٹک ایونٹ کو دیکھنے پر بھی اعتراض ہے۔ ایف آئی ایچ کی جانب سے بٹرا کے الزامات کا جواب نہیں دیا گیا۔ واضح رہے کہ نریندر بٹرا 2022 تک انڈین اولمپک ایسوسی ایشن اور ہاکی کی عالمی تنظیم ایف آئی ایچ کے صدر رہے، ان کو غبن کے الزام میں بھارتی سی بی آئی کی تحقیقات کا بھی سامنا رہا ۔