کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ متنازع بنتا جارہا ہے۔ پاکستان دشمنی ایک بار پھر عیاں ہوکر سامنے آگئی۔ پاکستانی نژاد انٹرنیشنل کرکٹرز ویزا مسائل سے دوچار نظر آرہے ہیں جن میں امریکی پلیئرز کے ساتھ اب انگلینڈ کے عادل رشید اور ریحان احمد بھی شامل ہوگئے۔ دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے اضافی ٹکٹ پوسٹر میں بھی پاکستان کو پھرنظر انداز کردیا، اطلاعات کے مطابق پوسٹر میں بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ، سری لنکا اور جنوبی افریقا کے کپتان شامل ہیں ۔ اس سے قبل بھی جاری کیے گئے ٹکٹ پوسٹر میں پاکستان کو نظر انداز کیا گیا تھا ۔ سوشل میڈیا پرصارفین کی جانب سے اس عمل پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔ ورلڈ کپ کا میلہ اگلے ماہ سجے گا ۔لیکن ٹورنامنٹ کا ا نعقاد آئی سی سی سمیت تمام شریک ممالک کیلئے درد سر بن گیا ہے۔پاکستان ٹیم ہائبرڈ ماڈل معاہدے کے تحت پہلے ہی اپنے تمام میچز بھارت کے بجائے سری لنکا میں کھیلے گی۔ بنگلادیشی ٹیم نے بھی بھارت جانے سے انکار کردیا ہے۔ امریکا کے علی خان سمیت چار پاکستانی نژاد کھلاڑیوں کو بھارتی ویزا نہ دیے جانے کی تصدیق کے بعد اب انگلینڈ کے پاکستانی نژاد کھلاڑیوں کو بھی ویزا نہ ملنے کی اطلاعات ہیں۔ عادل رشید اور ریحان احمد کو ابھی تک بھارتی ویزا جاری نہیں کیا ہے۔ خیال رہے کہ پاکستان نے تاحال اپنے اسکواڈ کا اعلان نہیں کیاہے ۔ ورلڈ کپ سے قبل پاکستان اور آسٹریلیا کے خلاف تین ٹی 20 میچوں کی سیریز ہوگی ، ذرائع کا کہنا ہے کہ سیریز اور ورلڈ کپ کیلئے ایک ہی اسکواڈ کا اعلان کیا جائے گا ۔ ٹی 20 ورلڈ کپ کا آغاز 7 فروری سے ہوگا۔ سپر ایٹ مرحلے کی چار ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی۔ فائنل میچ 8 مارچ کو کھیلا جائے گا۔