• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کونسلر تفہیم شریف ٹیمسائڈ کونسل کی پہلی مسلم خاتون میئر منتخب

برمنگھم (پ ر) تحریک کشمیر برطانیہ کے سینئر نائب صدر چوہدری محمد شریف کی صاحبزادی کونسلر تفہیم شریف ٹیمسائیڈ کونسل کی پہلی مسلم خاتون میئر منتخب ہوگئیں۔ تفہیم شریف کے والدین کا تعلق ضلع کوٹلی آزاد کشمیر سے ہے تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب ،برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی نے ان کی حلف برداری میں شرکت کی اور تفہیم شریف ، چوہدری محمد شریف کو مبار ک دی ۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ تفہیم شریف کا ٹیمسائیڈ کونسل کامیئر منتخب ہونا مسلم کمیونٹی کیلئے بڑا اعزاز ہے مسلمانوں کی نئی نسل جو برطانیہ میں پیدا ہوئی ان میں باالخصوص خواتین کا برطانوی سیاست میں حصہ لینا اور اعلیٰ عہدوں تک پہنچنا فخر کی بات ہے۔ مسلمانوں کی خدمات کی وجہ سے انہیں یہ مقام حاصل ہورہا ہے انہوں کہا کہ مسلم کمیونٹی اپنی نئی نسل کی حوصلہ افزائی کرے تاکہ وہ برطانوی سیاست میں بھر پور حصہ لے، اس طرح مسلمانوں کے مسائل حل کرنے میں مدد، مسلمانوں کی عزت اور وقار میں اضافہ اور نئی نسل میں شعور پیدا ہوگا کہ وہ سیاست میں اپنا کردار ادا کریں۔ تحریک کشمیر یورپ کے رہنماؤں نے کہا کہ مسلمانوں کی پانچویں نسل برطانیہ میں پیدا اور پروان چڑھ رہی ہے نوجوانوں کے اندر بڑی صلاحیتیں ہیں، برطانیہ ایک جمہوری ملک ہے، تعلیم یافتہ نوجوان برطانوی سیاست میں آکر برطانیہ کی خدمت اور مسلم کمیونٹی کی رہنمائی کریں، یہاں آگے بڑھنے کے جو مواقع ہیں اس سے بھرپورہ فائدہ اٹھایا جائے، اس سے مسلمانوں کا نام روشن ہوگا۔

یورپ سے سے مزید