• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میرپور پولیس کا جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے

سلاؤ (اورنگزیب چوہدری ) ایس ایس پی پولیس ضلع میرپور راجہ عرفان سلیم نے روزنامہ جنگ لندن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرپور پولیس کا جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے،،چوری اور ڈکیتی کے15ملزمان سمیت 16 اشتہاری مجرمان کو گرفتار اور ان کے قبضے سے طلائی زیورات، نقدی،موٹر سائیکلیں، کار، موبائل فون،منشیات، شراب برآمد کی ہے۔ راجہ عرفان سلیم نے کہا کہ ان ملزمان سے مزید وارداتوں کے انکشاف کی بھی توقع ہے۔ اسی طرح ان جرائم پیشہ عناصر کے علاوہ دیگر وارداتوں میں ملوث 16 مجرمان اشتہاری،38مفروران مقدمات بھی گرفتا ر کیے گئے ہیں۔ اس آپریشن کے دوران منشیات فروشی کے 56مقدمات درج رجسٹر کر کے86ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ اسلحہ ناجائز کے 21مقدما ت میں 22ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے22پستول 30بور 02رائفلیں بھی برآمد کیں گئی ہیں۔ جرائم پیشہ افراد کو جن بلڈنگ مالکان نے رہائش فراہم کی ہے ان کے خلاف ایکٹ کرایہ داری کے تحت 29 مقدمات درج رجسٹر کر کے29بلڈنگ مالکان کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ ایس ایس پی نے کہا میرپور پرامن ضلع ہے۔ جرائم پیشہ عناصر کا قلع قمع کرنا اور امن قائم رکھنا پولیس کی اوّلین ترجیح ہے۔
یورپ سے سے مزید