لاہور(ٹی وی رپورٹ)انسداد دہشت گردی عدالت نے زمان پارک کے سوئپر سے استفسار کیا کہ کل عمران نہ آیا تو تم ذمہ دار ہوگے جس پر سوئپر شیروز نے چپ سادھ لی، جس کے بعد ذمہ داری نہ لینے پر انسداد دہشت گردی عدالت نے عمران خان کے ضمانتی مچلکے مسترد کردیئے۔جیو نیوز کے مطابق لاہور میں انسداد دہشتگردی کی عدالت نے جناح ہاؤس اور عسکری ٹاور حملہ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کے ضمانتی مچلکے مسترد کردیئے۔ انسداددہشتگردی کی عدالت کے جج اعجاز احمد بُٹر نے عمران خان کےخلاف جناح ہاؤس اور عسکری ٹاور حملہ کیس کی سماعت کی۔ عمران خان کے ضمانتی شیروز نے عدالت کو بتایا کہ مچلکوں کی رقم نقد دینےکو تیار ہوں۔ اس پر عدالت نے استفسار کیا کہ تم کون ہو؟ ضمانتی نے جواب دیا کہ عمران خان کے گھر پر سوئپر ہوں۔ عدالت نے کہا کہ ہم یہ مچلکے کیسےمنظور کرلیں، کل کو عمران خان نہ آیا تو تم ذمہ دار ہوگے۔ اس پر شیروز نے چپ سادھ لی۔ عدالت نے ذمہ داری نہ لینے پر عمران کے ضمانتی مچلکے مسترد کردیئے۔ خیال رہے کہ عدالت نے 3 مقدمات میں ایک، ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔