• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

توانائی، پانی و ماحولیات کے شعبوں میں تعاون بڑھائینگے، ڈونلڈ بلوم

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے پاکستان کیساتھ باہمی تعلقات کے فروغ اورفریم ورک برائے امریکا- پاکستان "سبز اتحاد" کو اجاگر کرنے کیلئے کراچی، ٹھٹھہ، جھمپیر اور جامشورو کا دورہ کیا اور توانائی، پانی اور ماحولیات کے شعبہ جات میں تعاون بڑھانے کا اعادہ کیا۔ امریکی قونصلیٹ کے اعلامیہ کے مطابق امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے جھمپیر میں امریکی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی یو۔ایس۔ایڈ کی مالی اعانت کے تحت قائم پاورگرڈ اسٹیشن اورامریکی مالیاتی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی یو۔ایس۔آئی۔ڈی۔ایف۔سی کے مالی تعاون سے ہوا سے بجلی بنانے والے’ہوا انرجی لمیٹڈ‘ منصوبے کا دورہ کیا۔ یہ پلانٹ پاکستان کے نیشنل گرڈ اسٹیشن کو قابل تجدید توانائی سے 50 میگاواٹ بجلی فراہم کرتا ہے، جوکہ دس ہزار سے زائد گھروں کو بجلی سے مستفید کرنے کیلئے کافی ہے۔ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے مہران یونیورسٹی جامشورو میں سینٹر فار ایڈوانسڈ اسٹڈیز ان واٹر کا بھی دورہ کیا، جوکہ مہران یونیورسٹی اورامریکی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی یو۔ایس۔ایڈ کے درمیان ایک کروڑ20 لاکھ ڈالرز کے اشتراکی معاہدہ کے ذریعے قائم کیا گیا تھا۔ اس موقع پرامریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ "صوبہ سندھ واپس آنا میرے لئے باعث مسرت ہے، جبکہ اپنے شراکت داروں سے ملاقات کرکے بیحد خوشی ہوئی ہے، جو فریم ورک برائے ’امریکا- پاکستان سبز اتحاد‘ میں معاونت کا کردار ادا کرتے ہیں۔ ڈونلڈ بلوم نے کراچی میں امریکی حکومت کی مالی معاونت سے چلنے والے اقوام متحدہ کے ہنگامی فنڈ برائے اطفال، یونیسیف، کے منصوبہ کا دورہ کیا، جس کے تحت مسجد میں نصب شمسی توانائی سے چلنے والے آر۔او پلانٹ کے ذریعے مقامی آبادیوں کیلئے نمکین پانی کو میٹھا اور صاف کیا جاتا ہے۔ اس منصوبہ کے ذریعے افغان پناہ گزین اور اردگرد بسنے والے دیگر پاکستانی شہریوں کی زندگیوں پرمثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید