• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ حکومت کراچی کو پانی دے ورنہ ٹیکس پر اس کا حق نہیں، محمد حسین

کراچی( اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے رکن و رکن سندھ اسمبلی محمد حسین نے کہا ہے کہ جب سندھ حکومت کراچی کو پانی نہیں دے سکتی اور شہریوں کو درست شمار نہیں کروا سکتی تو کراچی کے ٹیکس پر بھی اس کا کوئی حق نہیں، ہم ایسی حکومت کا حق حکمرانی تسلیم نہیں کرینگے، سندھ کے وزیر اعلیٰ کہتے ہیں کہ وفاق پانی دے گا تو کے فور میں پانی آئے گا تواگر کے فور میں دینے کیلئے پانی نہیں ہے تو تقریب کیوں منعقد کی تھی،سندھ اسمبلی بلڈنگ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمد حسین نے کہا کہ کافی دن سے عوامی حالات پر بات کرنا چاہتے تھے لیکن ملکی سیاست کی وجہ سے موقع نہیں مل رہا تھا، سندھ اسمبلی کو سندھ پر 15 سال سے قابض حکمرانوں نے اپنی ذاتی اوطاق سمجھا ہوا ہے اسمبلی کا اجلاس ایک عرصے سے کنٹرولڈ ہے، اپوزیشن کو سوال جواب اور توجہ دلاؤ نوٹس تک محدود کردیا گیا ہے اور اپوزیشن کے درجنوں بلز تعطل کا شکار ہیں، گزشتہ چار سال کے دوران تاحال اپوزیشن کا کوئی بل منظور نہیں ہوا، محمدحسین نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقے وڈیرہ شاہی کے تعصب کا شکار ہیں، نوجوانوں کو نہ سرکاری نوکریوں میں کوٹہ دیا جاتا ہے اور نہ ہی سندھ پبلک سروس کمیشن میں شہری سندھ کوٹے پر عمل درآمد ہوتا ہے، انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے ساتھ ہمارے معاہدے کی وجہ سے اگر پیپلز پارٹی سمجھتی ہے کہ ہم سندھ میں انہیں کھلی چھوٹ دیدینگے تو وہ غلط سمجھ رہی ہے، سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کی پارلیمانی لیڈر رعنا انصار نے کہا کہ ہم نے جمہوریت کی خاطر سندھ حکومت کے ساتھ چلنے کی بہت کوشش کی لیکن اب ان متعصب وڈیروں کے ساتھ چلنا مشکل لگتا ہے، کراچی کے ٹیکس پر پلنے والی سندھ حکومت ہمیں اس مطالبے پر مجبور کرر ہی ہے کہ یا تو کراچی کو صوبہ بنایا جائے یا وفاق کے حوالے کردیا جائے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید