کراچی(اسٹاف رپورٹر)بھارتی جارحیت و دہشت گردی اور شہری آبادی پر بمباری و شہریوں کی شہادت کے خلاف مختلف سیاسی ومذہبی جماعتوں کے مظاہرے،ریلیاں نکالی گئیں ،تفصیلات کے مطابق کراچی پریس کلب پر مشترکہ یکجہتی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی منعم ظفر حان نے کہا کہ پوری قوم بھارتی جارحیت کی مذمت اور بھارت کے خلاف بھر پور قومی یکجہتی کا اظہار کرتی ہے، ہم پاکستانی قوم کو سلام پیش کرتے ہیں کہ مادرِ وطن کے تحفظ کے لیے اپنی افواج کی پشت پر موجود ہے، پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے، بھارت کی دھمکیوں میں آنے والا نہیں ، جمعہ9مئی کو پورے ملک میں یوم عزم منایا جائے ، نوجوانوں کو ٹریننگ دی جائے تا کہ کسی بھی حالات سے نبٹنے کے لیے تیار رہیں، علاوہ ازیں مرکزی مسلم لیگ کراچی کے تحت پاکستان پاکستان زندہ باد ریلی ملینیم مال سے کراچی پریس کلب تک نکالی گئی ، قیادت فیصل ندیم اور احمد ندیم اعوان کی ،سندھ کے صدر فیصل ندیم کہا کہ جنگ بھارت نے شروع کی اور اس کا انجام پاکستان کی مرضی سے ہوگا،ہم اپنی افواج کے ساتھ کھڑے ہیں اور کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، سربراہ پاکستان سنی تحریک کی خصوصی ہدایت پر کراچی پریس کلب پر پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے مظاہر ے میں بھارتی پرچم نذرآتش کیا گیا ، مرکزی رہنماؤں فہیم الدین شیخ،محمد آفتاب قادری اور محمد فرقان قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج قدم بڑھاؤ پوری قوم آپ کے ساتھ ہے ،ہمارے لئے پاکستان سب سے پہلے ہے،دریں اثنا مہاجر قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین آفاق احمد نے اپنے ایک بیان میں کہا ہےکہ ہمارے شاہین اور جوان قوم کا فخر ہیں، بھارت کو حملہ کرنے کی غلطی کی عبرت ناک سزا ملے گی، ہمارے شاہین اور بہادرجوان ہماری قوم کا فخر ہیں، بین القوامی برادری کو بھارت کے بلااشتعال اور بزدلانہ حملے کی مذمت کرنی چاہیے ، پاکستان سنی تحریک کے مرکزی صدر انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری اور مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ بلال سلیم قادری شامی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ بھارت کے بزدلانہ اقدام اور حملے کی بھرپور مذمت کر تے ہیں ، ابھی تو آغاز ہے اور ہماری پوری قوم سیکیورٹی اداروں کے ساتھ ہر وقت الرٹ ہے،،مجلس وحدت مسلمین کراچی کے صدر علامہ صادق جعفری نے کہا کہ بھارت کی بزدلانہ جارحیت کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ، دشمن یہ جان لے کہ پاکستان کی شہید پرور، غیرت مند اور جری قوم مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہے، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی نے بھارتی جارحیت کیخلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بعد از نماز جمعہ تمام چھوٹے بڑے شہروں،دیہاتوں میں بھارتی جارحیت کیخلاف مذمتی قرار دادیں منظور کی جائیں اور جہاں جہاں ممکن ہو پر امن احتجاجی ریلیوں کا انعقاد کیا جائے،عوام اپنی بہادر افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑے ہیں۔