کراچی( اسٹاف رپورٹر) بھارتی جارحیت کے خلاف مختلف سیاسی جماعتوں ،وکلا، ڈاکٹر ، ٹرانسپورٹ برادری اور دیگر کی جانب سے مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے، پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی،وکلا ،ڈاکٹر برادری کے تحت مظاہرے، ٹرانسپورٹرز صفورا ٹاؤن کی جانب سے ریلیاں نکاگی گئیں،تفصیلات کے مطابق پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی لیاری ٹاؤن کے تحت لیمارکیٹ چوک پرمنعقد مظاہرے کے شرکاء سے فضل ربی اور اکرم آگریا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاسبان سمیت پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، ٹرانسپورٹرز آف گڈز ایسوسی ایشن کے تحت افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکا لی گئی جو ٹرانسپورٹر چوک کسٹم ہاؤس سے شروع ہو کر کراچی پریس کلب پر ختم ہوئی، جناح اسپتال کے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی جانب سے مظاہرہ کیا گیا ، مظاہرین کاکہنا تھا کہ ہم ہمیشہ پاک آرمی کے ساتھ کھڑے ہیں، مظاہرے میں پی ایس ایف کے ڈاکٹرز، نرسز پیرا میڈیکل اسٹاف ہیلتھ سپورٹنگ اسٹاف نے شرکت کی، سٹی کورٹ میں وکلاء کی جانب سے مظاہرے میں ممبر پاکستان بار کونسل اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی یاسین آزاد ،سابق صدر کراچی بار منیر اے ملک ودیگر نے شرکت کی اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی وکلاء برادری پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ دریں اثنا خواجہ سراؤں نے کراچی پریس کلب کے باہر مظاہرہ کیا، قیادت بندیا رانا نے کی اورمسلح افواج کی مکمل حمایت اور اظہار یکجہتی کیا،چئیرمین صفورا ٹاؤن راشد خاصخیلی کی سربراہی میں پاکستان زندہ باد ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں ٹاؤن کے افسران وملازمین سمیت منتخب بلدیاتی نمائندگان نے بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ بھارتی بزدلانہ کارروائی پر مزمت اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا پتلاجلایا گیا ۔