اسلام آباد (نمائندہ جنگ / این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹرز نے 9 مئی کوپیش آنے والے پر تشدد واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ،9 مئی کے واقعات کی تحقیقات کر کے ملوث افراد کو سزا دی جائے،پاک فوج کی وجہ سے ہم محفوظ ہیں ،ہم شہدا کا لہو رائیگاں نہیں جانے دیں گے ۔
ان خیالات کا اظہار سینیٹر فیصل سلیم رحمٰن ، سینیٹر ہمایوں مہمند ، سینیٹر سیمی ایزدی، سینیٹر فلک شیر ناز ،سینیٹر ڈاکٹر زرقا سہروردی،سینیٹر ذیشان خانزادہ،سینیٹر فدا محمد خان و دیگر نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
سینیٹر فیصل سلیم رحمٰن نے کہاکہ نو مئی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہیں،ہم نے کئی دن پہلے سینیٹ میں قراداد جمع کرائی تھی۔ انہوں نے کہاکہ پاک فوج ہے تو ہم ہیں۔
سینیٹر ہمایوں مہمند نے کہاکہ نو مئی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہیں،اس جیسا واقعہ پہلے کبھی پیش نہیں آیا۔
انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم کو اگر واقعہ پر افسوس ہوتا تو ڈان لیکس اور میموگیٹ سکینڈل نہ ہوتے۔ انہوں نے کہاکہ میرا تعلق آرمی خاندان سے ہے ،کسی بھی املاک کو جلانا قابل مذمت ہے ۔
انہوں نے کہاکہ اچھا وقت ضرور آئے گا۔سینیٹر سیمی ایزدی نے کہاکہ نو مئی کو جناح ہائوس،ریڈیو پاکستان کی عمارت کو جلانے کی مذمت کرتی ہوں۔
انہوں نے کہاکہ میرے والد نے دوسری جنگ عظیم میں حصہ لیا،ہم شہدا کا لہو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔
انہوں نے کہاکہ اس واقعہ کی تحقیقات ہونی چاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ اگرپاکستان ہے تو ہم ہیں،اگر فوج نہ ہوتی تو ہم آزادفضا میں سانس نہ لے رہی ہوتیں۔