• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آٹا سستا کے باوجود روٹی مہنگی فروخت کرنے پر 38 نانبائیوں کو جیل بھیج دیا گیا ۭ

پشاور (لیڈی رپورٹر )محکمہ خوراک نے آٹے کی قیمتوں میں کمی کے باوجود روٹی مہنگے داموں فروخت کرنے پر 38 نانبائیوں اور 3 قصابوں کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا۔ سیکرٹری محکمہ خوراک عابد خان وزیر اور ڈائریکٹر یاسر حسن کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر جمشید آفریدی کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز تسبیح اللہ‘ کمال احمد‘ فوڈ انسپکٹر فخر عالم اور فوڈ گرین سپروائزر طاہر گل نے حیات آباد میں مختلف مارکیٹوں‘ بشارت مارکیٹ‘ خٹک مارکیٹ‘ روحیلہ مارکیٹ‘ اباسین مارکیٹ‘ نواب مارکیٹ‘ کارخانوں‘ سپر مارکیٹ‘ شمع مارکیٹ اور شمالی مارکیٹ میں نانبائیوں کی دکانوں پر روٹی کے نرخوں بارے آگاہی حاصل کی۔ سرکاری نرخنامے سے تجاوز کرنے پر 38 افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ تین قصابوں کو بھی گرانفروشی پر دھرلیا گیا جن کو جیل بھیج دیا گیا۔ محکمہ خوراک کے مطابق گرفتار افراد کے خلاف فوڈ ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ راشننگ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گرانفروشی کسی صورت قبول نہیں جبکہ مرتکب افراد کے خلاف فوڈ ایکٹ کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے محکمہ خوراک کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر پشاور بھر میں کارروائیاں جاری رکھیں اور گرانفروشی کے مرتکب افراد کیساتھ کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو معیاری و مقررہ نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانا محکمہ خوراک کی اولین ترجیح ہے۔
پشاور سے مزید