کوئٹہ (آئی این پی ) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے مرکزی ترجمان اور جمعیت علما اسلام کے رہنما سینیٹر مولانا حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ عمران خان ملک دشمن قوتوں کا مہرہ ہے، ان کے ہوتے ہوئے ملک و قوم کو دوسرے دشمن کی ضرورت نہیں، جو ملکی تنصیبات دشمن کے نشانے پر تھیں ان پر عمرانی دہشت گردوں نے حملہ کرکے دشمن کی خواہش پوری کر دی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میرپور آزاد کشمیر میں جمعیت کے زیراہتمام نظام مصطفیٰ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سمینار سے جمعیت آزاد کشمیر کے امیر مولانا سعید یوسف جنرل سیکرٹری حضرت مولانا امتیاز عباسی و دیگر رہنمائوں سمیت مقامی علماء نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ملکی سیاست کا غیر ضروری عنصر ہے انہیں ملکی سیاست میں زبردستی فٹ کیاگیا تھا جنہوں نے ان پر احسان کیا یہ انہی کیلئے درد سر بنا۔ انہوں نے کہا کہ سیاست سے اخلاقیات اور شائستگی کا جنازہ ان کے زیر تربیت بد اخلاق بد تہذیب ٹولہ نے نکالا، بلا تحقیق اور بلا دلیل مخالف سیاسی جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بنانا اور انہیں گالیاں دینا ان کا مشغلہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ تہذیب یافتہ معاشروں میں ان جیسے بد تہذیب لوگوں کا رہنا معاشرہ اور نوجوان نسل کے لئے نقصان دہ ہے۔