• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے آزاد کشمیر کے جج جاں بحق

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر‘ نمائندہ خصوصی ) تھانہ روات کے علاقہ میں گھر میں گھس کر مبینہ طور پر ڈکیتی کی واردات کرنے والے ڈاکوؤں کی فائرنگ سے آزاد کشمیر کے جج جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے فیز 8 میں واقع احتساب بیورو آزاد کشمیر کے جج سردار امجد اسحاق کی رہائش گاہ میں منگل کو علی الصبح پانچ ملزمان واردات کے لئے داخل ہوئے جہاں مزاحمت پر ملزموں نے فائرنگ کردی جس سے سردار امجد اسحاق چھاتی میں گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئے۔ فائرنگ سے ایک ڈاکو بھی زخمی ہوا جسے گرفتار کر لیا گیا۔ جس کا نام فرہاد بتایا جاتا ہے جبکہ اس کے دیگر ساتھی موقع سے فرار ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر ایس پی صدر پولیس نفری کے ہمراہ جائے واردات پر پہنچ گئے۔ فرانزک سائنس ایجنسی کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کئے جبکہ سی پی او نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔ مقتول جج کی نعش ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی۔ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے ڈکیتی کی واردات میں ڈاکوؤں سے مزاحمت کے دوران سردار امجد اسحاق کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ سپیکر نے مرحوم سیشن جج کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
اسلام آباد سے مزید