• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زرعی پیداوار کیلئے جدید سائنسی طریقوں کو اپنانے کی ضرورت ہے،عبد الحلیم قصوریہ

پشاور(نما ئندہ جنگ)خیبر پختونخوا کے نگران وزیر زراعت ولائیوسٹاک عبد الحلیم قصوریہ نے زرعی سائنسدانوں پر زور دیا ہے کہ وہ صوبے میں جدید اور زیادہ پیداوار کی حامل اجناس متعارف کرانے کیلئے اپنی تحقیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں،انھوں نے کہا کہ صوبے میں زرعی پیداوار کو بڑھانے کیلئے جدید سائنسی طریقوں کو اپنانے کی ضرورت ہے جبکہ سائنسدان اپنے زرعی تحقیقی کمالات کو زمینداروں تک بھی پہنچائیں تاکہ ان پر عمل پیرا ہوئے زرعی شعبہ ترقی سے ہمکنارکیا جا سکے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے زرعی تحقیقی مرکز ترناب پشاور کے اچانک دورہ کے موقع پر افسران اور زرعی سائنسدانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کو زرعی تحقیقی مرکز ترناب کے مختلف تحقیقی شعبوں کا معائنہ کرایا گیا اور انھوں نے زراعت سے وابستہ صوبے کے سائنسدانوں کی جانب سے زراعت کی ترقی اور اجناس کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کیلئے کی گئی تحقیقات میں گہری دلچسپی ظاہر کی، صوبائی وزیر نے زرعی تحقیق کے مرکز میں مقامی سائنسدانوں کے تحقیقی کمالات کو بے حد سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ جدید تحقیقات سے زمینداروں کو روشناس کیا جائے،انھوں نے کہا کہ ہمارے صوبے کو اللہ تعالیٰ نے زرخیز زرعی زمین کی نعمت سے نوازا ہے جس میں زیادہ اجناس اگانے کی صلاحیت بدرجہ اتم موجود ہے اور اگر زرعی شعبے میں ترقی یافتہ دنیا کی طرح جدید سائنسی طریقوں کو اپنایاجائے تو ہم اس شعبے سے زیادہ کامیابیاں حاصل کرسکتے ہیں،اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل زرعی تحقیق ڈاکٹر عبد الباری،ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ پلاننگ،عبد الوہاب،،سینئر ڈائریکٹر زرعی تحقیقی مرکز ترناب ڈاکٹر مسعود جان اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے،
پشاور سے مزید