• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کاروباری طبقہ مشکلات کا شکار دیا ہے، اعجاز خان آفریدی

پشاور (لیڈی رپورٹر)سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائمقام صدر اعجاز خان آفریدی نے صوبہ خیبر پختونخوا میں آٹو کی صنعت کو فروغ دینے کے لئے حکومتی سطح پر اقدامات اٹھانے پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ صوبہ میں مختلف اہم شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے وسیع تر مواقع موجود ہیں۔نئی صنعتوں کے قیام سے نہ صرف ملکی معیشت کو استحکام حاصل ہوگا بلکہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پشاور میں نعیم آفریدی اور جنرل منیجر شیخ عبدالکریم کی سربراہی میں وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ سرحد چیمبر کے قائمقام صدر اعجاز خان آفریدی نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں آٹو کی صنعت کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے تاہم اس حوالے سے وفاقی اورصوبائی حکومتوں مذکورہ سیکٹر میں سرمایہ کاری کے فروغ و ترقی کے لئے اقدامات اٹھائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آٹو صنعت سے وابستہ دیگر شعبہ جات / الائیڈ انڈسٹریز کو بھی فروغ حاصل ہوگا صوبہ میں بے شمار روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ سرحد چیمبر کے قائمقام صدر نے مزید کہا کہ کاروباری طبقہ ملک کی مخدوش معاشی صورتحال کے باعث بے شمار مشکلات سے دوچار ہے اور ملکی معیشت کے استحکام اور ترقی اور بہتری کی طرف گامزن کرنے کے لئے بزنس کمیونٹی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ اس سے قبل خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع وزیرستان کے سماجی کارکن حاجی جلات خان وزیر سے ملاقات کے دوران سرحد چیمبر کے قائمقام صدر اعجاز خان آفریدی کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے ضم اضلاع میں معاشی اقتصادی ترقی کے لئے حکومتی سطح پر نئے سکیموں کا آغاز کیا جائے کیونکہ ضم اضلاع میں قدرتی وسائل و ذخائر وافر مقدار میں موجود ہیں جہاں پر ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے ذریعے ملک کی معیشت کو استحکام اوربہتر کیا جاسکتا ہے
پشاور سے مزید