• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان ایسوسی ایشن دبئی پیپر لیس ادارہ بننے کو تیار

دبئی (سبط عارف) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں پاکستانیوں کا سب سے بڑا مرکز پاکستان ایسوسی ایشن دبئی اس سال کے آخر تک پیپر لیس ادارہ بن جائے گا جبکہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے اس سال ایسوسی ایشن میں ’’گرین سمٹ‘‘ کا انعقاد کیا جائے گا۔ پیپر لیس حکمت عملی اور ماحولیات پر کانفرنس کا انکشاف کرتے ہوئے پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے صدر ڈاکٹر فیصل اکرام نے بتایا کہ ایسوسی ایشن COP28 کانفرنس کو مدنظر رکھتے ہوئے ’’گرین سمٹ‘‘ کا بھی اہتمام کر رہی ہے تاکہ متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو بھی گرین سمٹ کے ذریعے ماحولیاتی تبدیلیوں سے آگاہی حاصل ہو۔ ڈاکٹر فیصل اکرام متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے صحافیوں کے نمائندہ فورم پاکستان جرنلسٹ فورم کے زیر اہتمام پروگرام ’’گیسٹ ان ٹاؤن‘‘ میں پی اے ڈی کی مستقبل کی حکمت عملیوں پر گفتگو کر رہے تھے۔ فیصل اکرام کا کہنا تھا کہ عالمی ماحولیاتی کانفرنس COP 28 رواں سال نومبر میں دبئی ایکسپو سینٹر میں منعقد ہونے جارہی ہے جس میں ایسوسی ایشن بھی شرکت کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسوسی ایشن نے فی الحال کاغذ کے استعمال میں 90 فیصد کمی کی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس سال کے آخر تک 100 فیصد لین دین ڈیجیٹل ہو جائے گا۔
اہم خبریں سے مزید