برسلز(این این آئی)بلجیم کی حکومت کے ترجمان نے بتایاہے کہ ایرانی سفارت کار اسد اسدی کے بدلے ایران کی طرف سے مزید تین یورپی باشندوں کو رہا کیا جا رہا ہے۔ قیدیوں کے تبادلے کے ایک حصے کے طور پر ایران نے گزشتہ ہفتے بلجیئم کے امدادی کارکن اولیور وینڈیکاسٹیلی کو بھی رہا کردیا تھا۔میڈیارپورٹس کے مطابق ترجمان نے بتایا کہ ایک ڈینش شہری اور آسٹریا اور ایران کی دہری شہریت رکھنے والے دو افراد کو رہا کیا جارہا ہے۔خیال رہے ایران کے اسد اسدی کو 2021 میں بلجیئم میں فرانس میں بم کی ناکام سازش کے سلسلے میں مجرم قرار دیا گیا تھا اور اسے 20 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔بلجیئم کی حکومت نے ایک بیان میں کہا کہ ڈینش شہری کو نومبر 2022 میں خواتین کے حقوق کے مظاہروں کے سلسلے میں ایران میں گرفتار کیا گیا تھا۔ دوسری طرف 2 دہری شہریت رکھنے والوں شہریوں کو جنوری 2016 اور جنوری 2019 میں گرفتار کیا گیا تھا۔بلجیئم کے وزیر اعظم الیگزینڈر ڈی کرو نے تبادلے میں ثالثی کرنے پر عمان کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔ رہا کیے جانے والے تینوں یورپی شہریوں کو عمان لے جایا جارہا ہے ۔ طبی ٹیسٹ کے بعد تینوں کو بلجیم کے میلس بروک کے فوجی ایئرپورٹ لے جایا جائے گا۔