• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلاسگو میں دھواں اور گیس خارج کرنے والی گاڑیوں پر پابندی

گلاسگو (نمائندہ جنگ) گلاسگو اسکاٹ لینڈ کا پہلا شہر ہے جہاں خطرناک دھواں اور گیس خارج کرنے والی گاڑیوںپر شہر کے اندر مخصوص علاقوں میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ پابندی کا یہ زون مغرب میں ایم8جنوب میں دریائے کلائیڈ اور مشرق میں سالٹ مارکیٹ پر مشتمل ہوگا، بعدازاں ایڈنبرا، ایبرڈین اور ڈنڈئی میں بھی ایسے زونز میں داخلے پر پابندیاں عائد ہوں گی۔ نئے قوانین کے مطابق 2005سے پہلے کی پٹرول کاریں اور ستمبر 2014سے پہلے کی ڈیزل کاریں پابندی والے ان زونز میں نہ جاسکیں گی۔ تاہم علاقے کے رہائشیوں کو نئے قوانین سے مطابقت پیدا کرنے کے لئےایک سال کا وقت دیا گیا ہے۔ بلیو بیج ہولڈرز، ایمرجنسی سروسز کی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو بھی اس قانون سے استثنیٰ حاصل ہوگا، نئے قوانین کےخلاف بعض اداروں نے عدالت میں مقدمہ بھی قائم کیا تھا، لیکن ان سب کو خارج کر دیا گیا ہے۔ گلاسگو میں نافذ کردہ قوانین لندن کے نو ایمشن زون اور برمنگھم کے کلین ائیر زون سے کہیں زیادہ سخت ہیں جہاں مطلوبہ معیار پر پوری نہ اترنے والی گاڑیوں کو صرف روزانہ کی بنیاد پر چارجز ہوتے ہیں، جبکہ گلاسگو کے نو ایمشن زون میں پورا سال 24گھنٹے کی پابندی ہوگی۔ گلاسگو میں قواعد کی خلاف ورزی پر پہلے دن 60 پونڈ، دوسرےدن دوبارہ خلاف ورزی پر 120 پونڈ اور تیسرے دن 240 پونڈ کا جرمانہ کیا جائے گا، البتہ اس کی زیادہ سے زیادہ حد 480 پونڈ ہوگی۔
یورپ سے سے مزید