• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمارے ناظرین کو مظلوم لڑکیوں کو دیکھنے کا نشہ ہے، محمد احمد

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کے سینئر اداکار و رائٹر محمد احمد کا کہنا ہے کہ ہمارے ناظرین کو مظلوم لڑکیوں کو دیکھنے کا نشہ ہے۔

سوشل میڈیا پر اداکار محمد احمد کی ایک انٹرویو کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں انہوں نے ڈراموں کی ریٹنگ پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ کون سے ڈرامے زیادہ ریٹنگ لاتے ہیں۔

انہوں نے ایک ڈرامے کا قصہ سناتے ہوئے کہا کہ سیریل میں جب تک لڑکی پر تشدد ہوتا رہا تو اس کی ریٹنگ 14 تھی، لیکن جیسے ہی لڑکی نے اپنی ساس کا ہاتھ پکڑ کر کہا کہ ’اب میں مار نہیں کھاؤں گی‘ تو ریٹنگ کم ہوکر 4 پر آگئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے ناظرین کو مظلوم لڑکیوں کو دیکھنے کا نشہ ہے اور جیسے نشے کی عادت سے چھٹکارا حاصل کرنا مشکل ہوتا ہے ایسے ہی ان ڈراموں سے بھی جان چھڑانا مشکل ہے۔


اداکار و لکھاری نے کہا کہ اسکرین پر لڑکی پر تشدد ہوتا رہے، مظلوم لڑکی دکھائی جائے یا پھر زیادہ سے زیادہ رومانوی کہانی (love triangle) دکھائی جائے تو ناظرین دیکھتے رہیں گے، لیکن جب کسی سیریل میں لڑکی کو خود مختار اور مضبوط دکھایا جائے تو لوگ چینل بدل دیتے ہیں۔

انہوں نے اپنے کریئر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اپنے کیریئر میں ایسے سیریل ملے جن میں یا تو مجھے روتے رہنا ہوتا تھا یا پھر مجھے مرجانا ہوتا تھا، مجھے ڈرامے کی قسط 8، 10یا پھر 12 میں مار دیا جاتا تھا، میں 6 سال تک مرتا ہی رہا۔

محمد احمد کا مزید کہنا تھا کہ پھر میں نے فیصلہ کیا کہ میں ایسا کوئی سیریل نہیں کروں گا جس میں مجھے مارا جائے، پھر میری خواہش کے بعد مجھے ایسا سیریل دیا گیا جس میں کام کرتے ہوئے اب میں خود کہہ رہا ہوں مجھے ماردیا جائے ۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید