• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوگئی‘ گڈز ٹرک ٹرانسپورٹ کمپنیز

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)آل بلوچستان گڈز ٹرک ٹرانسپورٹ کمپنیز ایسوسی ایشن کے صدر نور احمد کاکڑ ، آل پاکستان کول سپلائزر ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر محمد دین سنزرخیل ، جنرل سیکرٹری خالق داد وطن پال اور سیکرٹری اطلاعات امان اللہ ناصر نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ٹرانسپورٹروں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں، اگر ٹرانسپورٹروں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے موثر اور عملی اقدامات نہ اٹھائے گئے تو 13 جون سے بلوچستان بھر میں کوئلہ کی سپلائی بند کردیں گے ۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو مرکزی نائب صدر حبیب کاکڑ ، مرکزی جوائنٹ سیکرٹری عبدالخالق ہاشمی ، ہرنائی کے چیئرمین اعجاز حریفال ، ظفر ترین ، رزاق ودیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کا روزگار زراعت سے وابستہ تھا لیکن بدقسمتی سے موسمیاتی تبدیلیوں نے ہماری زراعت کو بری طرح متاثر کیا جبکہ کوئلہ ہمارے عوام کے روزگار کا دوسرا بڑا ذریعہ ہے جس سے لاکھوں کی تعداد میں مائنز مزدور ، ٹھیکیدار اور ٹرانسپورٹر اپنا روزگار کمار رہے ہیں لیکن بدامنی کی وجہ سے یہ کاروبار شدید زبوں حالی کا شکار ہے، امن و امان کی ذمہ داری سیکورٹی اداروں کو دی گئی اور صوبائی حکومت سیکورٹی کی مد میں اربوں روپے دے رہی ہے، اس کے علاوہ گزشتہ دس سال میں کول ایجنٹوں نے فی ٹن 270 روپے کے حساب سے 45 ارب روپے امن و امان کے لئے دیئے ہیں اور اب 15 فروری 2023ء سے سیکورٹی ادارے کول ایجنٹ سے 230 روپے فی ٹن فلاح اور سیکورٹی کے نام پر لے رہے ہیں لیکن امن و امان کی صورتحال 15 فروری سے خراب ہے ۔انہوں نے کہا کہ چھپر رفٹ سیکورٹی چوکی کے قریب کوئلے سے لدے 42ٹرکوں پر فائرنگ کرکے ٹرکوں کے ٹائرز اورانجن کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا لیکن حکومت یا سیکورٹی اداروں نے تاحال ہم سے کوئی رابطہ نہیں کیا جس کی وجہ سے مائنز اونرز ، مزدوروں ،کول ایجنٹ ،ٹرانسپورٹرزاور ڈرائیوروں میں عدم تحفظ کا احساس پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یکم جون سے ٹرانسپورٹرزنے ہرنائی ،شاہرگ کھوسٹ سے کوئلے کی سپلائی مکمل بند کردی ہے اور اپنے نقصانات کے ازالے کا مطالبہ کررہے ہیںانہوں نے کہا کہ امن و امان کی بگڑتی صورتحال کے بعد ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن ،آل پاکستان کوئلہ ایجنٹ ایسوسی ایشن ،آل پاکستان کول مائنز ایسوسی ایشن کے مرکزی عہدیداران کے ساتھ مشاورت کے بعدیہ فیصلہ کیا ہے کہ اگر فوری طور پر گاڑیوں کے نقصانات کا ازالہ اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے عملی اقدامات نہ اٹھائے گئے تو 13جون سے احتجاج کے دائرہ کار کو بڑھاتے ہوئے کوئٹہ،چمالانگ سے ٹرکوں کے ذریعے کوئلے کی کارگو سپلائی مکمل طور پر غیر معینہ مدت کیلئے بند کردیں گے اور بلوچستان اسمبلی کے سامنے احتجاجی کیمپ لگائیں گے جو مطالبات کی منطوری تک جاری رہے گاجبکہ کوئٹہ، ہرنائی،دکی ، لورالائی کے پریس کلبز کے سامنے روزانہ کی بنیاد پر احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔
کوئٹہ سے مزید