• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی سرکاری ملازمین کی پنشن کیلئے 761 ارب روپے مختص

اسلام آباد (فخر درانی) حکومت نے مالی سال 2023-24 کے لیے وفاقی سرکاری ملازمین کی پنشن کے لیے 761 ارب روپے مختص کیے ہیں جس میں سے 563 ارب روپے (73.98 فیصد) مسلح افواج کے ریٹائرڈ اہلکاروں اور 188 ارب روپے (24.70 فیصد) عام شہریوں کے حصے میں آئیں گے۔ ریٹائرڈ سرکاری ملازمین (سویلین اور مسلح افواج) کی پنشن کے لیے بجٹ میں مختص رقم 2022-23 میں 609 ارب روپے سے بڑھا کر بجٹ سال 2023-24 کے لیے 761 ارب روپے کر دی گئی۔ رواں مالی سال میں وفاقی حکومت کے ریٹائرڈ سویلین ملازمین کے لیے مختص کی گئی کل رقم 188 ارب روپے ہے جبکہ گزشتہ مالی سال 2022-23 کے دوران اسی مقصد کے لئے 162.62 ارب روپے مختص کیے گئے تھے۔ مالی سال 2022-23 کے لیے ریٹائرڈ مسلح افواج کے اہلکاروں کی پنشن کے لیے بجٹ میں 446.37 ارب روپے مختص کیے گئے تھے جسے مالی سال 2023-24 کے لیے بڑھا کر 563 ارب روپے کر دیا گیا ہے۔ وفاقی حکومت کے ریٹائرڈ سویلین ملازمین کے لیے مالی سال 2021-22 کے لیے مختص کی گئی کل رقم 131 ارب روپے تھی جبکہ مالی سال 2021-22 کے لیے ریٹائرڈ مسلح افواج کے اہلکاروں کی پنشن کے لیے بجٹ میں 394 ارب روپے مختص کیے گئے تھے۔ مالی سال 2020-21 کے لیے حکومت نے وفاقی ملازمین کی پنشن کے لیے 480 ارب روپے مختص کیے تھے جس میں سے 369 ارب روپے مسلح افواج کے ریٹائرڈ اہلکاروں اور 111 ارب روپے عام شہریوں کی پنشن پر خرچ کیے گئے۔ اس سے قبل وفاقی حکومت نے مالی سال 20-2019 کے لیے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن کے لیے 421 ارب روپے مختص کیے تھے تاہم 2019-20 میں اسے 421 ارب روپے سے بڑھا کر 463.41 ارب روپے کر دیا گیا۔ اسی طرح حکومت نے مالی سال 2018-19 کے دوران ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن کے لیے 342 ارب روپے مختص کیے تھے جس میں سے 259 ارب روپے (75.95 فیصد) دفاعی افواج کے ملازمین کے لیے مختص کیے گئے تھے جبکہ باقی 82.22 ارب روپے (24.05 فیصد) سویلین ریٹائرڈ ملازمین کو دیے گئے۔ اسی طرح حکومت نے مالی سال 2017-18 کے لیے وفاقی سرکاری ملازمین کی پنشن کے لیے 248 ارب روپے مختص کیے تھے جس میں سے 180 ارب روپے (72.58 فیصد) مسلح افواج کے ریٹائرڈ اہلکاروں کے لیے اور 67.84 فیصد ریٹائرڈ سویلین ملازمین کے لیے مختص کیے گئے تھے۔ تاہم حکومت نے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن کے لیے بجٹ مختص کرنے پر نظر ثانی کی۔ نظرثانی شدہ بجٹ کے بعد حکومت نے مسلح افواج کی پنشن کے لئے 72.85 ارب روپے اور ریٹائرڈ سویلین ملازمین کے لئے 12.51 ارب روپے کا اضافہ کیا۔ گزشتہ مالی سال 2017-18 کے دوران ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن کے لیے نظرثانی شدہ مختص کے بعد وفاقی حکومت نے وفاقی ملازمین کی پنشن کے لئے 333.35 ارب روپے مختص کیے۔ 333.35 ارب روپے میں سے ریٹائرڈ مسلح افواج کے لیے 253 ارب روپے اور سویلین ملازمین کے لئے 80.35 ارب روپے مختص کیے گئے۔

اہم خبریں سے مزید