کراچی (اسد ابن حسن) شارٹ ٹرم کڈنیپنگ اور منی ایکسچینج کمپنی کے ملازمین سے 2کروڑ 13 لاکھ ہتھیانے کے مفرور اور پولیس کے دو مقدمات میں نامزد ملزم انسپکٹر شوکت رضا کے خلاف ایف آئی اے زونل آفس کراچی میں بھی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ مزکورہ معاملے کا ایف آئی اے ہیڈکواٹر میں بھی سخت نوٹس لیا گیا ہے۔ ملزم 6 ماہ قبل پولیس سے ڈیپوٹیشن پر کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی میں تعینات ہوا تھا۔ ایف آئی اے نے ملزم کے سرکل میں واقع اس کے آفس سے تمام دستاویزات قبضے میں لیتے ہوئے اس کا دفتر سربمہر کر دیا ہے۔ ملزم کے خلاف چشم کشا انکشافات بھی سامنے آئے ہیں۔ اس نے اپنی ایف آئی اے میں تعیناتی کے دوران بہت سے منی چینجروں اور بلڈروں کو مبینہ منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے کی دھمکیاں اور کسی بھی ایف آئی آر میں "فٹ" کرنے کا خوف دلا کر ناقابل یقین رقوم وصول کی۔ معتبر ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ملزم زیادہ تر کاروایاں دفتری اوقات کے بعد کرتا تھا۔