کراچی (اسٹاف رپورٹر) آسٹریلیا نے بھارتی غرور خواب میں ملاکرآئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل 209 کے بھاری مارجن سے جیت لیا۔ نیوزی لینڈ کے بعد آسٹریلیا نے بھی بھارت کاٹائٹل جیتنے کاخواب شرمندہ تعبیر نہیں ہونے دیا ۔ بھارت کی آخری سات وکٹیں صرف70 رنز پر گر گئیں۔ آسٹریلیا نے نواں آئی سی سی ایونٹ جیتا ہے۔ پہلی اننگز میں 163 رنز بنانے والے ٹریوس ہیڈ کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ آسٹریلیا تمام آئی سی سی ٹرافی اپنے نام کرنے والی دنیا کی پہلی ٹیم بن گئی ہے ۔آسٹریلیاپانچ ون ڈے ورلڈ کپس بھی اپنے شوکیس کی زینت بنا چکے ہیں جبکہ دو بار آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی اور ایک دفعہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے کا اعزاز بھی انھیں حاصل ہے۔ لندن کے اوول گراؤنڈ میں آخری دن 270 رنز کے ہدف کے تعاقب میں باقی کے 7 بھارتی بیٹسمین بھی جلد پویلین کی راہ لیتے نظر آئے۔ کوہلی، راہانے اور کپتان روہت شرما نے دوسری اننگز میں کچھ مزاحمت کی تاہم ان میں سے کوئی اپنی نصف سنچری بھی مکمل نہ کرسکا۔ اتوار کو فائنل کے آخری روز بھارتی ٹیم 444 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 234 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی ۔ دوسری اننگز میں ویرات کوہلی 49 اور کپتان روہت شرما نے 43 رنز کی اننگز کھیلی۔ اسپنر نیتھن لائن نے41 رنز دے کر چار، اسکاٹ بولینڈ نے46 رنز دے کر تین اور مچل اسٹارک نے77رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔