کراچی (اسٹاف رپورٹر) سابق کپتان مصباح الحق کے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ تیسری اننگز کھیلنے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں ۔کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کے بعد مصباح الحق قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور مینٹور بنے اب وہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں عثمان واہلہ کی جگہ ڈائریکٹر انٹر نیشنل کرکٹ آپریشنز بننے کی تیاری کررہے ہیں۔ مصباح الحق اعلی تعلیم یافتہ ہیں اور ایم بی اے تک تعلیم حاصل کر چکےہیں۔ پیر کو اسلام آباد میں مصباح الحق نے سابق کپتان سرفراز احمد اور سلیکٹرز کے ساتھ شاہین آفریدی کو کپتان بنانے کے حوالے سے اہم ترین مشاورتی میٹنگ میں شرکت کی تھی۔ ذرائع کے مطابق مصباح الحق کی بطور ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز انٹرنیشنل تقرری کا امکان ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ نے چند دن قبل اس عہدے کیلئےاشتہار دیا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اشتہار میں اہلیت کے لیے پہلی مرتبہ سابق ٹیسٹ کرکٹر یا ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹر کی شرط رکھی گئی ہے۔