کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعتراض کے باوجود بھارتی کرکٹ بورڈ 15اکتوبر کو ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ نریندر مودی اسٹیڈیم احمد آباد میں کرانا چاہتا ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ نے ورلڈ کپ شیڈول فائنل کرکے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو حتمی منظوری کے لئے بھیجا ہے۔ آئی سی سی نے فیڈبیک کیلئے شیڈول ورلڈ کپ کھیلنے والے ممالک کے ساتھ شیئر کردیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی یہ میچ احمد آباد سے کول کتہ منتقل کرانا چاہتا ہے۔ غیر ملکی میڈیاکے مطابق شیڈول کے تحت پاک بھارت ٹاکرا 15اکتوبر کو نریندرا مودی اسٹیڈیم میں ہونے کا امکان ہے۔ مجوزہ شیڈول کے مطابق ورلڈ کپ کا آغاز 5 اکتوبر کو ہوگا، فائنل 19 نومبر کو احمد آباد اسٹیڈیم میں ہوگا۔ افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ ہر ٹیم 9لیگ میچز کھیلے گی۔ پاکستان ٹیم احمد آباد اور حیدرآباد دکن میں دو کوالیفائر ٹیم کے خلاف میچ کھیلے گی ۔ پاکستان ٹیم بنگلورو میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کھیلے گی، جبکہ افغانستان اور جنوبی افریقا کے خلاف چنئی میں، بنگلہ دیش اور انگلینڈ کے خلاف کول کتہ میں میچ کھیلیں گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ورلڈ کپ کا فائنل شیڈول رواں ہفتے جاری ہونے کا امکان ہے۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق پاکستان اب احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلنے پر راضی ہوگیا ہے لیکن پی سی بی اس بارے میں تصدیق نہیں کررہا، ایشیاکپ پر پاکستان کی جانب سے تجویز کردہ ہائبرڈ ماڈل ماننے کے بعد پاکستان نے بھی لچک کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت میں ورلڈکپ میچز کھیلنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔ ایشیاکپ 2023 میں ہائبرڈ ماڈل کے تحت پاکستان اور سری لنکا میں کھیلا جائے گا، جس کے ابتدائی 4 میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل سمیت بقیہ میچز لنکن سرزمین پر شیڈول ہوں گے لیکن ایونٹ کا میزبان پی سی بی ہی ہوگا۔