بیجنگ (نیوز ڈیسک) چین کی جانب سے اسرائیل فلسطین امن مذاکرات کی کوششوں کی تناظر میں فلسطینی صدر محمود عباس مذاکرات کے لیے چین پہنچ گئے ۔ فلسطینی صدر چین میں جمعہ کے روز تک قیام کریں گے۔اپنے دورے کے دوران وہ صدر شی جن پنگ اوروزیراعظم لی کیانگ سے ملاقات کریں گے۔ اس دوران فلسطین میں ہونے والی تازہ ترین پیش رفت کے اور دیگر بین الاقوامی مسائل پر گفتگو کی جائے گی۔ دوسری جانب مقبوضہ بیت المقدس کی مقامی سرکردہ شخصیات نے مسجد اقصیٰ پر صہیونی یلغار کو ناکام بنانے کے لیے ذوالحج کے پہلے 10دنوں میں مسجد اقصیٰ میں اعتکاف کی اپیل کردی۔ واضح رہے کہ اسرائیلی کنیسٹ میں ایک بل پیش کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے جس میں مسجد اقصیٰ کو یہودیوں اور مسلمانوں کے درمیان تقسیم کرنے کی تجویز دی جائے گی۔ اسرائیل کی حکمران جماعت لیکوڈ پارٹی کے رکن عمیت ہلیوی نے مسجد اقصیٰ کو تقسیم کرنے کے لیے کا بل پیش کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے۔ یہ مذموم بل اس وقت تیاری کے مراحل میں ہے۔ منصوبے میں یہ شرط رکھی گئی ہے کہ آباد کار مسجد اقصیٰ کے مرکزی اور شمالی علاقے خاص طور پرگنبد صخراکے علاقے کو یہودی آباد کاروں کے حوالے کیا جائیگا۔