• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

40 سالہ مرتضیٰ وہاب بیک وقت 3 عہدوں پر بھی فائز رہے

کراچی (اعجاز احمد…اسٹاف رپورٹر) بیرسٹر مرتضیٰ وہاب صدیقی ماضی قریب میں بیک وقت 3 نامزد عہدوں ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ کے عہدوں پر رہنے کے بعد میئر کراچی کے منتخب عہدے پر بھی فائز ہوگئے۔

 25 دسمبر 1983 ءکو کراچی میں پیدا ہوئے نومنتخب میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے اپنی مرحومہ والدہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر راہنما فوزیہ وہاب صدیقی کے انتقال کے بعد عملی سیاست کا آغاز پیپلز پارٹی کے ہی پلیٹ فارم سے کیا۔

 وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نےان کی قابلیت دیکھتے ہوئے 2015 ءمیں انہیں اپنا مشیر بنالیا۔قبل ازیں انہوں نے گورنمنٹ کامرس کالج کراچی میں تعلیم پائی، جب کہ قانون کی ڈگری یونیورسٹی آف لندن سے حاصل کی۔

ان کے والد وہاب صدیقی مرحوم شعبہ صحافت سے وابستہ تھے، جب کہ والدہ فوزیہ وہاب رکن قومی اسمبلی رہی ہیں۔مرتضیٰ وہاب مشیر قانون کے بعد 2016 ءمیں اینٹی کرپشن کے مشیر بنے، پھر 2017ءمیں سینیٹ آف پاکستان کے رکن بھی بنے۔

مرتضیٰ وہاب 2018 ءمیں دوبارہ مشیر قانون اور اینٹی کرپشن بنے اور جلد محکمہ اطلاعات کا قلمدان بھی حاصل کرنے میں کام یاب ہوگئے جب کہ 2019 ءمیںمشیر محکمہ موسمیاتی تبدیلی و ماحولیات، کوسٹل ڈویلپمنٹ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں سندھ حکومت کا ترجمان بھی مقرر کردیا گیا۔ 

2021 ءمیں مرتضیٰ وہاب بیک وقت ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان سندھ حکومت کے عہدوں پر فائز رہے۔

انہوں نے 2018 میں پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر حلقہ پی ایس -111 سے سندھ اسمبلی کا الیکشن بھی لڑا، لیکن پی ٹی آئی کے عمران اسماعیل سے شکست کھا گئے۔

 کراچی میں 15 جنوری کو ہوئے بلدیاتی انتخابات میں گو مرتضیٰ وہاب نے الیکشن نہیں لڑا، مگر پیپلز پارٹی نے میئر کراچی کے عہدے کے لیے کئی ناموں پر غور کے بعد انہیں امیدوار نامزد کردیا۔

اہم خبریں سے مزید