• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برٹش پاکستانی کونسلر محبوب حسین بھٹی کیلئے لارڈ چیف جسٹس اچیومنٹ ایوارڈ

لندن (ودود مشتاق) ویکمب ڈسٹرکٹ کے دوبار چیئرمین رہنے والے برٹش پاکستانی کونسلر محبوب حسین بھٹی کو مسلسل 20سال تک بطورجج اور جیوری کا رکن عوام کو انصاف کی فراہمی پر لارڈ چیف جسٹس اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا جو کسی بھی برٹش پاکستانی کشمیری رہنما کےلئے پہلا اعزاز قرار دیا گیا۔ کونسلر محبوب حسیب بھٹی گزشتہ 24سالوں سے حکمران جماعت ٹوری کے پلیٹ فارم پر مسلسل کونسلر رہنے کا بھی اعزاز رکھتے ہیں۔ان کے لارڈ چیف جسٹس اچیومنٹ ایوارڈ پر ہائی ویکمب میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں لارڈ لیفٹیننٹ آف بکنگھم شائر الزبتھ ھوو، بکنگھم شائر کے جج شیرڈن، تھیمز ویلی کے پولیس اینڈ کرائیم کمشنر باربر میتھیو، وزیر برائے آئرلینڈ ایم پی سٹیو بیکر، ایم پی پال گڈ مین، ایم ای پی جیمز ایلیس، پولیس کمانڈر ایما بروز، میئر آف ہائی ویکمب، میئر آف چشم، میئر آف ایمرشم، میئر آف پرنسس رزبورو، میئر آف بیکنز فئلڈ، علما، کمیونٹی رہنماوں سیاسی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر سی کیڈٹ اینڈ آرمی کے جوانوں نے مارچ پاسٹ کیا اور شرکا کو سلامی دی۔ کونسلر محبوب حسیب نے کہا کہ آج ملنے والا ایوارڈ ان کیلئے بہترین اعزاز ہے جو اس بات کا ثبوت ہے بہ برٹش پاکستانی مقامی کمیونٹی کے ساتھ مل کر اس ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور اس ملکی باگ ڈور سنبھالیں، عوام کی خدمات اور انہیں انصاف کی فراہمی ان کی زندگی کا بہترین اثاثہ ہیں۔ وزیر برائے آئرلینڈ ایم پی سٹیو بیکر نے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ ان کے حلقے میں برٹش پاکستانی ایک مضبوط کمیونٹی کے طور پر اپنا مثبت کردار بھرپور انداز میں نبھا رہے ہیں۔ انہوں نے نے کہا کہ کونسلر محبوب حسین ہماری کمیونٹی کا مضبوط ستون ہیں۔ اپنے خطاب میں جج شیرڈن نے کہاکہ مسلم کمیونٹی میں ایک پاکستانی جج کا بیس سال تک کا کردار ان کیلئے باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کونسلر محبوب کمیونٹی میں مقبول انسان ہیں۔ پولیس اینڈ کرائم کمشنر باربر میتھیو کا کہنا تھا کہ محبوب حسین کو ایک قیمتی ایوار سے نوازا جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ برطانیہ ایک خوبصورت اور مختلف کمیونٹیز کا حسین گلدستہ ہے۔ اس موقع پر شرکا نے کونسلر محبوب حسین بھٹی کی آزادی کشمیر کی تحریک میں حصہ لینے، مقامی فلاحی سرگرمیوں میں اپنا کردار ادا کرنے اور عدل و انصاف کی فراہمی میں دن رات کی محنت پر انہیں بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔ جبکہ کونسلر محبوب حسین بھٹی نے یقین دلایا کی وہ آخری سانس تک عوامی فلاح و بہبود، کشمیر کی آزادی اور عدل و انصاف کی فراہمی کےلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
یورپ سے سے مزید