• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قاضی فائز عیسیٰ کی بطور چیف جسٹس پاکستان نامزدگی کا خیرمقدم ، کنرانی

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر امان اللہ کنرانی نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی بطور چیف جسٹس پاکستان نامزدگی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہےکہ سپر یم کورٹ پاکستان میں بلوچستان کی مظبوط نمائندگی و موثر آواز و بلوچستان کے مایہ ناز نڈر بے لوث فرزند جسٹس قاضی فائز عیسیٰ ایک طویل عرصے سے ایک گروہ کی جانب سے مخاصمانہ مزاحمت و مذموم مقاصد کے تحت آزمائش کا شکار رہے ہیں آج اللہ تعالی نے ایسے حالات پیدا کردیئے ہیں جس صدر مملکت نے ان کے خلاف ریفرنس بھیجا تھا آج اسی صدرمملکت نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا قبل از وقت چیف جسٹس سپریم کورٹ پاکستان کے تقرری کا نو ٹیفکیشن جاری کرکے اپنے ماضی کے بے بنیاد کاروائی کو حرف غلط کی طرح مٹا کر بے بنیاد ثابت کردیا۔ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پہلے بھی اور آج ایک پھر سرخرو ہوئے ،ہم ان کو مبارکباد دیتے ہوئے توقع رکھتے ہیں وہ انصاف کا بول بالا کریں گے، ملک میں امتیازی و اشرافیہ کے نظام کا خاتمہ کریں گے، ماضی میں آئین و قانون و انصاف و بنیادی حقوق سے ماورائے فیصلوں کو دوبارہ زیر غور لاکر عدالتوں کے خلاف منفی تاثر کا خاتمہ کریں گے، بلوچستان کو بنگلہ دیش بننے سے بچانے میں کردار ادا کرتے ہوئے لاپتہ افراد ،کی بازیابی و ساحل و وسائل پر دسترس و حق ملکیت تسلیم کرنے بلوچ کی شناخت کے تحفظ میں اپنا موثر کردار ادا کرکے صوبے میں امن و آشتی و بھائی چارہ و باہمی رواداری کو فروغ دینے برداشت و تحمل کے تناظر میں ریاست کو طاقت کی بجائے بات چیت و مذاکرات پر آئین کے تحت اختلاف رکھنے والوں کو خوش دلی سے قبول کرتے ہوئے ملک کی تعمیر و ترقی میں سب کو یکساں مواقع فراہم کرنے میں مدد دینے میں اپنا آئینی کردار ادا کریں گے۔
کوئٹہ سے مزید