سندھ میں خاص طور پر سکھر اور لاڑکانہ ریجن میں جہاں پولیس ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائیوں میں سرگرم عمل ہے، تو وہیں تمام اضلاع میں پولیس افسران کی ترجیح منشیات خاص طور پر نشہ آور مضر صحت مصنوعات بنانے فروخت کرنے والوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاون کررہی ہے۔ نشہ آور مصنوعات چھالیہ پان پراگ، گٹکا ماوا جو کہ ہماری نوجوان نسل کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے، اس کی بیخ کنی کے لیے آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے جو بیڑہ اٹھایا ہے اور تمام اضلاع میں ضلعی پولیس افسران کے علاوہ آئی جی سندھ کی اپنی خصوصی ٹیمیں کارروائیاں کررہی ہیں۔
آئی جی سندھ کا یہ بڑا احسن اقدام ہے کہ سندھ بھر میں جرائم کے ساتھ معاشرتی برائیوں کا قلع قمع کرنے کے لیے دئیے گئے احکامات کی خود نگرانی کررہے ہیں، جس کے باعث بڑی حد تک یہ گھناونہ دھندہ دم توڑتا دکھائی دے رہا ہے، اگر بات کی جائے سکھر پولیس کی تو نوجوان کمانڈر ایس ایس پی سکھر سنگھار ملک جنہوں نے کم وقت اپنی بہترین پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور منفرد حکمت عملی کے تحت کم وقت میں بہ طور ایک بہترین کمانڈر بہت زیادہ شہرت پائی ہے۔ گزشتہ دنوں سکھر کے نواحی علاقے میں ڈاکوؤں نے شہری سے لوٹ مار کی کوشش کی تو شہریوں نے مزاحمت کی اور پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور فائرنگ کے نتیجے میں تین ڈاکو مارے گئے۔ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک راہ گیر بھی جاں بحق ہوگیا۔
سکھر پولیس سے ایک اور مقابلے میں متعدد مقدمات مطلوب ایک اور ڈاکو مارا گیا، ایک ماہ کے دوران 6 ڈاکو ہلاک اور 15 سے زائد زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے، سکھر پولیس کی کام یاب کارروائی اور ڈاکوؤں کے مارے جانے کے حوالے سے ڈی آئی جی سکھر جاوید سونھارو جسکانی نے ڈکیتی کی واردات کے پولیس مقابلے میں تین ڈاکوؤں کے مارے جانے اور ان سے اسلحہ برآمد کرنے پر ایس ایس پی سکھر سنگھار ملک کی کمانڈ میں کام یاب کاروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے اقدامات سے سکھر میں دیرپا مستحکم امن و امان کی فضاء قائم ہوگی، مارے گئے ڈاکو متعدد کیسز میں انتہائی مطلوب تھے۔ سکھر پولیس کی انتہائی پیشہ ورانہ کارروائیوں سے عوام کے لیے دہشت بنے ہوئے ڈکیتوں کی ہلاکت سے ڈکیتی، قتل و دیگر سنگین جرائم میں کمی ہوگی، جس کا سہرا پولیس خاص طور پر کمانڈ کرنے والے ایس ایس پی سکھر کو جاتا ہے۔
ڈی آئی جی سکھر جاوید سونہارو جسکانی کی جانب سے ایس ایس پی سکھر کو شاباشی دیتے ہوئے ان کے لیے تعارفی اسناد اور اس قابل تعریف کاروائیوں پر علاقہ ایس ایچ او سمیت پولیس ٹیمز کو سی سی سیکنڈ سرٹیفکیٹ کے ساتھ ایک ایک بیسک تنخواہ دینے کا Iعلان کیا ہے۔ سکھر پولیس جہاں ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی میں مصروف ہے، تو وہیں معاشرتی برائیوں کو بھی جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا عزم لیے ایس ایس پی سکھر کی سربراہی میں تمام تھانوں کی حدود میں روزانہ کی بنیاد پر کاروائیاں کی جارہی ہیں۔
پولیس نے متعدد کاروائیوں میں نشہ آور مصنوعات گٹکا پان پراگ ماوا اور دیگر مضر صحت مصنوعات کئی سو پیکٹ برآمد کرکے ملوث ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ گزشتہ دنوں پولیس نے خفیہ اطلاع پر بندر روڈ کے علاقے میں ایک مال بردار گاڑی سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرکے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا، ایس ایس پی سکھر کے مطابق ایک اطلاع پر پولیس نے اسنیپ چیکنک کے دوران بندر روڈ پر منشیات سے بھری منی مال بردار گاڑی پکڑ لی اور گاڑی میں موجود 12 بوریاں جن میں 352 کلو بھنگ موجود تھی، برآمد کرلی ، گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ شہید عبدالمالک کمانگر پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے،
ایس ایس پی نے کام یاب کارروائی پر پولیس پارٹی کو شاباش اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔ ایس ایس پی کے مطابق سکھر میں ڈاکووں جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں معاشرتی برائیوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاون جاری ہے، جس میں پولیس کو متعدد کامیابیاں ملی ہیں۔ پولیس کی اولین ترجیح ضلع بھر میں مثالی امن و امان کی فضاء کو قائم کرنا ، جرائم منشیات اور معاشرتی برائیوں کا خاتمہ ہے، جس کے لیے تمام تھانوں کی حدود میں روزانہ کی بنیاد پر کاروائیاں کی جارہی ہیں اور پولیس افسران تھانہ انچارجز کو سختی سے ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ اپنے تھانوں کی حدود میں جرائم کی سرکوبی کے ساتھ منشیات اور معاشرتی برائیوں کا قلع قمع کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں۔
اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ سکھر پولیس سال 2023 کو جرائم اور منشیات سے پاک سال بنانا چاہتی ہے، جس کے لیے پولیس افسران و اہل کار اپنی تمام تر صلاحیتیں اور وسائل بروئے کار لائیں اور جرائم معاشرتی برائیوں کی سرکوبی کو یقینی بنائیں، خاص طور پر نشہ آور مضر صحت مصنوعات جن میں گٹکا ماوا اور دیگر نشہ آور مصنوعات شامل ہیں، ان کی تیاری فروخت کی مکمل بیخ کنی کی جائے، کیوں کہ یہ نشہ آور مصنوعات معاشرتی برائیوں کی جڑ ہے، جو ہماری نوجوان نسل کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ اس طرح کے دھندے میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
ان کے خلاف بھرپور کریک ڈاون کیا جائے۔ پولیس کی موثر اور کام یاب حکمت عملی کے باعث ان اشیاء کی تیاری خرید و فروخت کے دھندے کی بڑی حد تک سرکوبی کی گئی ہے، لیکن اس کا مکمل خاتمہ ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ تمام پولیس افسران اور تھانہ انچارجز اپنے تھانوں کی حدود میں اس دھندے کی سرکوبی کے لیے مکمل چوکس رہیں اور ان عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ بروقت کاروائی کو یقینی بنایا جاسکے، ڈی آئی جی سکھر جاوید سونھارو جسکانی کا کہنا ہے کہ سکھر رینج کے تینوں اضلاع سکھر خیرپور اور گھوٹکی میں پولیس ڈاکوؤں جرائم پیشہ عناصر کے ساتھ معاشرتی برائیوں خاص طور پر گٹکا ماوا دیگر اقسام کی نشہ آور مصنوعات کے دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف کام یاب کریک ڈاون کررہی ہے۔ آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی بھی واضح ہدایات ہیں کہ جرائم کے ساتھ اس نشہ آور مصنوعات کے ناسور کو ختم کرنے کے لیے پولیس تھانوں کی سطح پر روزانہ کی بنیاد پر کاروائیاں کرے۔