لندن(این این آئی)برطانوی وزیر خارجہ جیمز کلیورلی نے کہا ہے کہ برطانیہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان حالیہ مفاہمت کا خیرمقدم کرتا ہے اور امید کرتا ہے کہ اس سے خطے میں تہران کے رویے میں تبدیلی آئے گی۔ ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ برطانیہ چاہتا ہے کہ ایران خطے میں مسلح گروپوں بشمول یمن میں حوثیوں کی حمایت اور اسلحہ بند کرے۔ اگر سعودیوں اور ایرانیوں کے درمیان یہ بات چیت اس کا باعث بن سکتی ہے تو یہ مثبت پیش رفت ہوگی۔جیمزکلیورلی نے برطانیہ میں مقیم ایران کے ناقدین کے خلاف سازشوں کو ختم کرنے کے تقاضے پر زوردیا اور ان کا مسئلہ اجاگر کیا ۔ واضح رہے کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان دہائیوں سے جاری کشیدگی کے خاتمے اور ان میں دوبارہ دوستی کیلئے چین نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔