• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت میں کشمیری، سکھ، دلت، مسلمان تمام اقلیتیں عدم تحفظ کا شکار ہیں، لارڈ قربان

لوٹن(اے پی پی)برطانوی دارالعوام کے رکن لارڈ قربان حسین نے کہا ہے کہ بھارت میں کشمیری، سکھ، دلت، مسلمان اور تمام اقلیتیں عدم تحفظ کا شکار ہیں، کشمیریوں کے خلاف بھارتی اقدامات عالمی قوانین کے منافی ہیں،یواین قراردادوں پر عمل درآمد کرنے کاوقت آن پہنچا، سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی افسوس ناک ہے ،عالمی برادری روک تھام کرے، ان خیالات کااظہار انھوں نے لیوٹن میں انسانی حقوق، امن، کشمیر اور مذہبی ہم آہنگی کے لئے متحرک عالمی تھنک ٹینک انسٹی ٹیوٹ آف پیس اینڈ ڈیویلپمنٹ کے صدر اور سابق مشیر انسانی حقوق ڈاکٹر سردار محمد طاہر تبسم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ان کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ممتاز کاروباری شخصیت حاجی چوہدری محمداصغر پوٹھی، متحرک سیاسی و سماجی رہنما سید حسین شہید سرور ایڈووکیٹ اور انسپاڈ اوورسیز کمیٹی کے چئیرمین جہانگیر خان پوٹھی بھی موجود تھے۔ لارڈ قربان حسین نے کہا کہ برہان وانی شہید کشمیر کی آزادی کا معتبر استعارہ اور ہیرو ہے اور ان کی قربانی نے کشمیری نوجوانوں میں آزادی اور قربانی کی نئی امنگ پیدا کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیرکے بارے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کرانے کا وقت آن پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی اظہار کی آڑ میں سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی بے حد افسوس ناک ہے اور عالمی اداروں کو ایسے واقعات کی روک تھام کو یقینی بنانا ہو گا۔ سردار طاہر تبسم نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین کے تنازعات دنیا کے امن کو تباہ کر سکتے ہیں اور اقوام متحدہ اور او آئی سی کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہونے والے مظالم کے خاتمے کے لئے عملی تدابیر کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ یٰسین ملک کو جعلی مقدمات میں الجھا کر سزا موت دلانے کی کوششوں سے امن کی ساری کوششوں کو دھچکا لگے گا۔ انہوں نے کہاکہ حریت قیادت کے خلاف قائم فرضی مقدمات کو فوری طورپر ختم ہونا چاہیے اور اور ان کو غیر مشروط طورپررہاکیاجانا چاہئے۔ 

یورپ سے سے مزید