• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مردان کو امن کا گہوارہ بنانے میں ہمیں مل جل کر کام کرنا ہوگا،ایس پی آپریشن

پشاور(جنگ نیوز)محرم الحرام 2023 کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ایک اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ مردان سمیع الرحمان کی زیر صدارت ڈی سی کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ایس پی آپریشن روخانزیب، اسسٹنٹ کمشنر مردان میڈم عائشہ طاہر، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر جنید خالد اور براق اعوان کے علاوہ ضلعی محکموں کے افسران، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان سمیت اہل تشیع کے نمائندوں نے شرکت کی۔اس موقع پر محکمہ صحت، ٹی ایم ایز، واپڈا اور ریسکیو 1122 کی جانب سے محرم الحرام 2023 کے لیے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور شرکاء سے بھی محرم الحرام کے موقع پر درپیش مسائل کے حوالے سے تجاویز طلب کی گئیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو قبل از محرم الحرام تمام تر انتظامات مکمل کرنے اور تمام تر وسائل بروائے کار لاتے ہوئے امام بار گاہ سمیت جلوس کے گزر گاہوں میں ضروری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محرم الحرام 2023 کے دوران امن وامان برقرار رکھنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مختلف سرگرمیوں پر ضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ کیا جائیگا۔ اسکے ساتھ ساتھ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے الرٹ ہیں جبکہ باہم کوارڈینیشن سے عوام کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ضلع مردان کو امن کا گہوارہ بنانے میں ہمیں مل جل کر کام کرنا ہوگا، ایس پی آپریشن نے کہا کہ جلوس و مجالس کے لئے شہر میں متبادل راستے کھولے جائیں گے جس کی بدولت شہریوں کو ٹریفک کے مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا ، انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع میں فول پروف سیکورٹی کے انتظامات مکمل کئیے جا چکے ہیں اور کوئی بھی فرد امن وامان کی راہ میں رکاوٹ بنا تو اسے ہرگز معاف نہیں کیا جائے گا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محرم الحرام کے پیش نظر ریسکیو 1122، ٹی ایم ایز، واٹر سنیٹیشن سروسز کمپنی، ہیلتھ اور دیگر اداروں کی چھٹیا ںمنسوخ کرتے ہوئے چوکس کر دیا گیا ہے۔
پشاور سے مزید