لوٹن ( شہزاد علی) 13جولائی کے شہدائے کشمیر کے مشن کو جاری رکھیں گے، کشمیر کی مکمل آزادی کے بعد مملکت پاکستان کےساتھ الحاق کیا جائے گا۔ برطانیہ کی نئی کشمیری نسل کو مسئلہ کشمیر کے پس منظر اور اپنی تاریخ کے اہم واقعات سے آگاہ رکھنےکیلئے کمیونٹی کے باشعور طبقات اپنا کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار کشمیر سالیڈیرٹی کمپین لوٹن کے کوآرڈینیٹر، میرپور انٹرنیشنل ائرپورٹ موومنٹ برطانیہ اور یورپ کے چیئرمین، اسلامک کلچرل سوسائٹی لوٹن سنٹرل مسجد کے رہنما حاجی چوہدری محمد قربان نے 13جولائی1931کے شہدائے کشمیر کے حوالے سے کیا۔ انہوں نے کہا کہ 13جولائی کے شہداء کشمیر کی قربانیوں کا تقاضا ہے کہ کشمیر کی مکمل آزادی اور اس کے مملکت پاکستان کے ساتھ الحاق کے لیے جدوجہد کو جاری رکھا جائے، برطانیہ میں بسنے والے کشمیر کے باشندوں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ یہاں پیدا اور پروان چڑھنے والی نسلوں کو مسئلہ کشمیر اور اس کے پس منظر سے آگاہی دیں تاکہ ہمارے بعد آنے والی نسلیں مسئلہ کشمیر پر کام جاری رکھ سکیں ۔