واشنگٹن (نیوز ڈیسک) امریکا نے آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کو ایرانی قبضے سے بچانے کے لیے ایف 16جنگی طیارے بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ امریکی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ امریکا جلد ہی خلیجی علاقے میں جنگی طیاروں کے استعمال کو بڑھا دے گا۔ خطے میں پہلے ہی اے 10 لڑاکا طیارے ایک ہفتے سے زیادہ عرصے سے گشت کر رہے ہیں۔ خلیج میں ایف 16طیارے بھیجنے کا امریکی اقدام ایران کی جانب سے گزشتہ ہفتے ہرمز کی اہم سمندری گزرگاہ کے قریب 2 آئل ٹینکرز کو قبضے میں لینے کی کوشش اور ان میں سے اایک پر فائرنگ کے واقعے کے بعد کیا جارہا ہے۔ لڑاکا طیارے آبی گزرگاہ سے گزرنے والے بحری جہازوں کو فضائی تحفظ فراہم کریں گے اور علاقے میں عسکری موجودگی سے ایرانی کارروائیوں کو روکنے میں مدد ملے گی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق واشنگٹن کو مشرق وسطیٰ میں ایران، روس اور شام کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات پر بھی تشویش ہے۔امریکا شام کی فضاؤں پر بڑھتی ہوئی روسی جارحیت سے نمٹنے کے لیے کئی فوجی آپشن پر غور کر رہا ہے۔شام کے مغربی حصے میں داعش کے خلاف مشن کی پروازیں جاری رکھے گا۔